زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی
ہرارے: پہلے ٹیسٹ میچ میں دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹ کے نقصان پر 374 رنز بنالیے ہیں اور یوں قومی ٹیم کو میزبان ٹیم پر 198 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
ہرارے میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پہلے روز زمبابوے کی بلے باز پاکستانی بولرز کے آگے بے بس دکھائی دیے اور پوری ٹیم 176 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے 4،4 جب کہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جس کے جواب میں قومی ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام پر 6 وکٹ کے نقصان پر 374 رنز بنالیے ہیں جب کہ مہمان ٹیم کو 198 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ فواد عالم 108 اور حسن علی 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
کھیل کے دوسرے دن اوپننگ بلے باز عابد علی 60، اظہر علی 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان بابراعظم کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔
نوجوان بلے باز عمران بٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن بدقسمتی سے وہ نروس نائینٹز کا شکار ہوگئے اور 9 رنز کی کمی سے اپنی پہلی سنچری مکمل نہ کرسکے۔ محمد رضوان نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔
مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے ایک بار پھر اپنا لوہا منوانے میں کامیاب رہے، انہوں نے 144 گیندوں پر کیریئر کی چوتھی سنچری اسکور کی۔ زمبابوے کی جانب سے ڈونلڈ ٹریپانو 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔