news
English

فواد عالم کا قومی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر ردعمل

فواد عالم نے آخری بار 22 اپریل 2015 کو بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا

فواد عالم کا قومی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر ردعمل

قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کا ریٹائرمنٹ سے متعلق خبروں پر ردعمل سامنے آگیا۔ 
گزشتہ روز کرک بز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی کرکٹر فواد عالم نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ کر امریکا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے جہاں وہ مائنر لیگ کرکٹ میں شکاگو کنگزمین کی طرف سے مقامی کھلاڑی کے طور پر کھیلتے نظر آئیں گے تاہم اس حوالے سے فواد عالم کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ 
فواد عالم نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ریٹائرمنٹ سے متعلق تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، میری ریٹائرمنٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
سابق کرکٹر نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 2007 میں ابوظہبی میں سری لنکا کے خلاف میچ سے کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے 38 ون ڈے مچز میں حصہ لیا جس میں 36 اننگز میں 40.25 کی اوسط سے 966 رنز بنائے۔ ان کے ون ڈے کیریئر میں ایک سنچری اور 6 ففٹیز شامل ہیں، فواد عالم کو آخری بار 22 اپریل 2015 کو بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں کھلایا گیا تھا۔ 

فواد عالم نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ بھی سری لنکا کیخلاف ہی 2009 میں کھیلا تھا جس میں انہوں نے سنچری کے ساتھ اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا لیکن بعد میں صرف دو میچز کے بعد انہیں ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔