news
English

فوادآؤٹ آف فارم بیٹرز کی حمایت میں سامنے آگئے  

بابر اعظم اور محمد رضوان کا جتنا تجربہ ہے، ان کو بیٹنگ آرڈر سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے، فواد عالم

فوادآؤٹ آف فارم بیٹرز کی حمایت میں سامنے آگئے  

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم آؤٹ آف فارم بیٹرز کی حمایت میں سامنے آگئے۔ 
ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں مجموعی طور پر ٹیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا، کبھی کسی پلیئر سے اچھا پرفارم نہیں ہوتا تو تکنیکی خامیوں کی باتیں شروع ہوجاتی ہیں،ہم 3،4اننگز میں ہی کسی کو ہیرو یا زیرو بنادیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ
www.cricketpakistan.com.pk کو امریکا سے خصوصی انٹرویو میں فواد عالم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھا پرفارم کیا۔ دوسرے ٹیسٹ میں ہم جیتنے کے قریب تھے مگر ڈراپ کیچز کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا، سعود شکیل کی کارکردگی کے سوال پر انھوں نے کہا کہ کبھی کسی پلیئرسے اچھا پرفارم نہیں ہوتا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ تکنیکی خامیاں ہیں،سعود نے بھی ڈومیسٹک اور ٹیسٹ کرکٹ میں کافی رنز کیے ہیں، یہ ان کا پہلا دورہ آسٹریلیا تھا۔ انھیں بھی اندازہ ہوگا کہ کس معاملے میں بہتری لانی ہے، وہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک اچھا اثاثہ ہیں،ہمیں سعود کی صلاحیتوں پر یقین رکھنا چاہیے،وہ آگے چل کر ضرور پرفارم کریں گے،انھوں نے کہا کہ اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق بھی اچھا پرفارم کرتے رہے ہیں،اس سیریز میں ان کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی،البتہ ماضی میں دونوں نے زبردست کھیل پیش کیا ہے،2یا4اننگز سے کسی کے بارے میں رائے قائم نہیں کر لینی چاہیے۔
بابر اعظم جیسی خداد صلاحیتوں کے حامل کرکٹرز کم ہوتے ہیں، دیگر 30یا 35ٹیسٹ کھیلیں تو پرفارمنس نظر آئے گی،ہم 3،4اننگز میں ہی کسی کو ہیرو یا زیرو بنادیتے ہیں،ہمیں دیکھ بھال کر کوئی تبصرہ کرنا چاہیے۔ 
بابر اعظم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ آسٹریلوی اسٹارز نے بھی گذشتہ برس زیادہ اسکور نہیں کیا، ویسے ہم کرکٹرز کو کیوں کہتے ہیں کہ تکنیک خراب ہوگئی یا کپتانی کا دباؤ ہے،کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، بابر اسی تکنیک سے رنز کریں تو ہم کہیں گے کہ وہ ٹھیک ہیں، تھوڑی بہت بہتری لانے کی ضرورت تو ہمیشہ رہتی ہے، انھوں نے کہا کہ عامر جمال نے پرانی گیند کا اچھا استعمال کیا،کنڈیشنز ان کی بولنگ کے لیے سازگار تھیں،انھیں دیکھ بھال کر استعمال کرنا چاہیے،عامر تینوں فارمیٹ میں بولنگ اور آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے موزوں پلیئر ہیں۔ 
امریکا میں کرکٹ کھیل رہا ہوں واپسی پر کیریئر کا فیصلہ کروں گا 
فواد عالم نے کہا کہ آج کل امریکا میں کرکٹ کھیل رہا ہوں جلد واپسی ہوگی،ابھی تو یہاں کھیل رہا ہوں، واپسی پر کیریئر کے حوالے سے کوئی فیصلہ کروں گا،انھوں نے کہا کہ میری زندگی ایسی ہی گزری ہے،بہت جلد آپ کو تمام سوالات کا جواب دوں گا۔ 
آسٹریلیا کیخلاف مشکل سیریز میں شان مسعود نے اچھی قیادت کی
فواد عالم نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف مشکل سیریز میں شان مسعود نے اچھی قیادت کی، چند مسائل تھے مگر فائٹ ہوئی،گذشتہ کئی سیریز کے مقابلے میں یہ ٹیم بہتر کھیلی،اسی طرح ٹی ٹوئنٹی قائد شاہین آفریدی لاہور قلندرز کو 2ٹائٹل جتواچکے ہیں، دونوں کو وقت ملنا چاہیے۔ 
نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انھیں مستقبل کے لیے بہتر تیاری کا موقع ملے گا،پاکستان کے کئی پلیئرز نیوزی لینڈ میں کھیل چکے ہیں، امید ہے کہ پرفارمنس اچھی رہے گی،کیویز خطرناک حریف ہیں،اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ 
ورلڈکپ کی تیاری کے لیے اوپننگ جوڑی میں تبدیلی سمیت فیصلوں کو سپورٹ کرنا چاہیے،بابر اعظم اور محمد رضوان کا جتنا تجربہ ہے، ان کو بیٹنگ آرڈر سے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے۔