news
English

فیکا پاکستانی کرکٹرز کی سپورٹ کے لیے بھی تیار

جب کبھی کہا گیا تو مدد کے لیے ہمیشہ کوشش کریں گے، چیف ایگزیکٹیو فیکا کی یقین دہانی

فیکا پاکستانی کرکٹرز کی سپورٹ کے لیے بھی تیار

کھلاڑیوں کی عالمی تنظیم (فیکا) پاکستانی کرکٹرز کی سپورٹ کے لیے بھی تیار ہے۔

پاکستان میں کرکٹرز کی کوئی تنظیم موجود نہیں ہے،کئی بار اس حوالے سے کوشش ہوئی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا، ان دنوں دوبارہ یہ باتیں زیرگردش ہیں، فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) نے بھی اس حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

ویب سائٹ ’’کرکٹ پاکستان‘‘ کو انٹرویو میں چیف ایگزیکٹیو ٹام موفٹ نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس کے معاملات اور دیگر مواقع سمیت فیکا عالمی سطح پر کھلاڑیوں کے لیے بہت زیادہ کام کر رہی ہے، جس طرح دنیا کے دیگر کرکٹرز ہمارے ساتھ الحاق رکھتے ہیں اگر پاکستانی بھی اس موقع سے فائدہ اٹھائیں تو یہ زبردست ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ ہر ملک کے اپنے معاملات ہوتے ہیں، جب کبھی فیکا سے کہا گیا تو ہم مدد کے لیے ہمیشہ کوشش کریں گے، ہمارا ہمیشہ یہی مقصد ہوتا ہے کہ باہمی تعاون کے ساتھ فعال انداز میں ایسا کریں۔

ٹام موفٹ نے کہا کہ بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں پلیئرز ایسوسی ایشنز کھیل کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، وہ ایجوکیشن کے ساتھ کھلاڑیوں کو کیریئر کے دوران اور بعد میں ویلفیئر سپورٹ بھی فراہم کرتی ہیں۔ انھوں نے اس سوال پر واضح جواب دینے سے گریز کیا کہ کیا پاکستانی کرکٹرز نے پلیئرز ایسوسی ایشن کے حوالے سے فیکا سے رابطہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں پی ایس ایل میٹنگ کے دوران پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے یہ خیال ظاہر کیا تھا کہ پلیئرز اپنی ایسوسی ایشن بنانا چاہتے ہیں۔