news
English

فرسٹ کلاس کرکٹر شہزاداعظم دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر شہزاداعظم رانا دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔

فرسٹ کلاس کرکٹر شہزاداعظم دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے

کرکٹ کے تجزیہ کار فرحان نثار نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے فرسٹ کلاس کرکٹر شہزاداعظم دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔

انہوں نے بتایا کہ 36 سالہ بولر شہزاد اعظم نے 95 فرسٹ کلاس میچز میں 388 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

فرسٹ کلاس کرکٹر شہزاد اعظم رانا نے 95 فرسٹ کلاس ، 58 لسٹ اے اور 29 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ 

شہزاد اعظم کا تعلق سیالکوٹ سے تھا اور وہ اسلام آباد کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے تھے جبکہ  ناردرن کی نمائندگی بھی کرچکے تھے۔ 

شہزاد اعظم رانا کے انتقال پر پاکستان کے سابق فاسٹ باولر عمر گل اور سابق  آل راؤنڈر محمد حفیظ  نے دکھ  کا اظہار کیا ہے۔

عمر گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں لکھا کہ آسٹریلیا پہنچتے ہی شہزاد اعظم کی موت کا پتا چلا، وہ بہت ہی اچھا انسان تھا، فاسٹ بالرعمر گل نے  کرکٹر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی۔

قبل ازیں گزشتہ دنوں لاہور سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر عثمان شنواری میدان میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے تھے، انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔

کرکٹر کے اچانک انتقال پر کرکٹ حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔