news
English

ورلڈکپ فائنل: کئی اہم ریکارڈ الٹ پلٹ ہوگئے

ایڈم زیمپا کے ہاتھوں مرلی دھرن کا ریکارڈ برابر، مچل اسٹارک دنیا کے تیسرے بہترین بولر بن گئے

ورلڈکپ فائنل: کئی اہم ریکارڈ الٹ پلٹ ہوگئے

ورلڈکپ 2023 کے فائنل مقابلے میں ماضی کے کئی اہم ریکارڈ بھی الٹ پلٹ ہوگئے جب کہ ویرات کوہلی میگا ایونٹ کی تاریخ میں دوسرے کامیاب بیٹر بن گئے۔ 
احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈکپ  فائنل کے ساتھ ہی دنیائے کرکٹ کے کئی اہم ریکارڈ بھی ٹوٹ  گئے۔ ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں ویرات کوہلی سب سے زیادہ رنز بنانیوالے دوسرے کامیاب بیٹر بن گئے، رکی پونٹنگ مجموعی طور پر 1743 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے، تاہم کوہلی نے آسٹریلیا کیخلاف فائنل میں چوکا لگاکر انھیں پیچھے چھوڑدیا، ٹنڈولکر سردست 44 اننگز میں 56.95 کی اوسط سے 2278 رنز بناکر سرفہرست ہیں۔ 
آل ٹائم فہرست میں بھارتی کپتان روہت شرما بھی چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، انھوں نے اس معاملے میں سری لنکن بلے باز کمارا سنگاکارا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ورلڈ کپ 2023 میں ویراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بناکر تاریخ رقم کردی، وہ سیمی فائنل اور فائنل میں ففٹی پلس اسکور کرنے والے منفرد بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔  
آسٹریلیا کیخلاف فائنل میں کوہلی نے 54 کی اننگز کھیلی، وہ ان چند پلیئرز میں شامل ہونے والے پہلے بھارتی بنے، جنھوں نے سیمی فائنلز اور فائنل میں ففٹی پلس اسکور کیے۔ ان سے قبل آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون اور انگلش بیٹر مائیک بریئرلی بھی بالترتیب 1987 اور 1979 کے ورلڈ کپ میں نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔ 
ورلڈ کپ فائنل میں بھارتی کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے رواں سیزن میں بہترین شراکت داری کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، گل نے 7 گیندوں پر 4 رنز بنائے، گلین میکسویل نے 31 گیندوں پر 47 رنز اسکور کیے۔ 
ایڈم گلکرسٹ اور مارک وا کا ریکارڈ روہت اور گل نے توڑدیا، بھارتی اوپنرز نے 2023 میں اب تک بطور جوڑی دار 1523 رنز بنائے جبکہ آسٹریلوی اوپنرز نے 1999 میں 1518 رنز بنائے تھے۔ 
روہت شرما نے کسی ایک حریف (آسٹریلیا) کیخلاف چھکے لگانے کے معاملے میں کرس گیل کو پیچھے چھوڑدیا، وہ اب تک کینگروز کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں 86 چھکے جڑچکے ہیں، کرس گیل نے اس سے قبل انگلینڈ کیخلاف 85 چھکے لگائے تھے۔ 
سابق پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی سری لنکا کیخلاف 63 چھکے لگاکر نمایاں ہیں، سنتھ جے سوریا نے پاکستان کیخلاف 53 چھکے لگائے تھے۔ 
روہت شرما ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 597 بنانے والے کپتان بن گئے، اس طرح انھوں نے کین ولیمسن کا ریکارڈ توڑ دیا جوکہ انھوں نے 2019 میں 578 بناکر قائم کیا تھا۔ آسٹریلیا  کے پیسر مچل اسٹارک ورلڈکپ کی تاریخ میں تیسرے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔ ورلڈ کپ فائنل میں 3  شکار کے بعد ان کی میگا ایونٹ میں مجموعی وکٹوں کی تعداد 65 ہوگئی، سب سے زیادہ 71 وکٹوں کا ریکارڈ گلن میک گرا کے پاس ہے جبکہ سری لنکا کے مرلی دھرن نے اپنے کیریئر میں 68 ورلڈکپ وکٹیں لیں۔ 
ایڈم زیمپا نے سری لنکا کے مرلی دھرن کا بطور اسپنر ایک ورلڈکپ میں زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ برابر کردیا، انھوں نے رواں ایونٹ کے 11 میچز میں 23 وکٹیں لیں، مرلی دھرن نے اتنے شکار 2007  کے ایڈیشن میں کیے تھے۔ 
لوکیش راہول نے بطور وکٹ کیپر سب سے زیادہ شکار کرنے کا بھارتی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، انھوں نے اس ایونٹ میں 17 وکٹیں اڑانے میں بولرز کی مدد کی، 2003 کے ایڈیشن میں ڈریوڈ ملر نے 16 کھلاڑیوں کا وکٹ کے عقب میں شکار کیا تھا۔