news
English

عماد وسیم اپنے گھٹنے کی انجری کو چُھپا رہے ہیں، سابق چیف سلیکٹر کا دعویٰ

بہت سے انکشافات سامنے آئیں گے، وہ چھپے نہیں رہیں گے، محمد وسیم

عماد وسیم اپنے گھٹنے کی انجری کو چُھپا رہے ہیں، سابق چیف سلیکٹر کا دعویٰ

پاکستان کے سابق چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آل راؤنڈر عماد وسیم پر گھٹنے کی دائمی انجری کو چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑی پسلی کی تکلیف میں مبتلا ہونے کا دعویٰ کرکے ٹیم انتظامیہ اور مداحوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ عماد وسیم جنہوں نے حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ تبدیل کیا تھا، ان کا انتخاب اس وقت امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے کیا گیا ہے۔
ایک مقامی نیوز چینل پر بات کرتے ہوئے محمد وسیم نے الزام لگایا کہ عماد اپنی انجری کی اصل نوعیت کو چھپا رہے ہیں۔ محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’’بہت سے انکشافات سامنے آئیں گے، وہ چھپے نہیں رہیں گے، اگر آپ پسلی کی انجری کا دعویٰ کر رہے ہیں اور یہ درحقیقت گھٹنے کی چوٹ ہے، یہ ایک طویل عرصے سے چلنے والی چوٹ ہے جسے آپ وکٹوں کے درمیان دوڑتے ہوئے، باؤلنگ کے دوران اور فیلڈنگ کے دوران دیکھ سکتے ہیں۔"
محمد وسیم نے ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑیوں کو واپس لانے کے فیصلے کو مزید تنقید کا نشانہ بنایا جو ان کے خیال میں ٹیم کی کامیابی پر اپنے مالی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ محمد وسیم نے کہا کہ "جب آپ چیزوں پر سمجھوتہ کریں گے چاہے وہ فٹنس ہو یا معیار صرف تجربے کی خاطر، وہ لوگ جو اپنے ملک پر کھیل کے مالی پہلو کو ترجیح دیتے ہیں، آپ انہیں واپس لاتے رہتے ہیں۔ تو اس سے ٹیم کا ماحول کیسا ہوگا؟۔
موجودہ ٹیم کی کارکردگی پر غور کرتے ہوئے محمد وسیم نے دو سال پہلے کے مقابلے میں اتحاد اور کارکردگی میں کمی کو نوٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہر کوئی یہ بات کر رہا ہے کہ ٹیم میں دو سال پہلے اتحاد تھا، اتفاق تھا اور اس کے نتائج تھے۔ کچھ کردار وہاں نہیں تھے جو آپ ان کرداروں میں واپس لائے ہیں۔ ٹیم کا نتیجہ آپ کے سامنے ہے اور ٹیم کا ماحول بھی۔‘‘
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ آل راؤنڈر پسلی کی مشتبہ چوٹ کی وجہ سے "احتیاطی وجوہات" کی بنا پر انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا آخری ٹی 20 نہیں کھیل سکے تھے جس کی وجہ سے وہ امریکہ کے خلاف ٹیم کے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ سے بھی محروم رہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ان کی چوٹ کو "ان کی دائیں پسلی میں تکلیف" قرار دیا۔ عماد وسیم کو بھارت کے خلاف پاکستان کے اہم معرکے سے صرف ایک دن قبل کھیلنے کے لیے فٹ قرار دیا گیا تھا، جہاں انھوں نے تین اوورز کرائے اور صرف 17 رنز دیے، تاہم ان کی بلے سے کارکردگی متاثر کن نہیں تھی کیونکہ وہ 23 گیندوں پر صرف 15 رنز بنا سکے جس نے میچ کا رخ بھارت کی طرف موڑ دیا اور بلیوشرٹس نے میچ چھ رنز سے جیت لیا۔