news
English

سابق کرکٹرز کی پہلے ٹی 20 میں عمادوسیم کو باہربٹھانے پرکڑی تنقید

انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرنے والے عمادوسیم نے جمعرات کوہونے والے پاک نیوزی لینڈ میچ میں خود کو ابتدائی لائن اپ سے باہر پایا۔

سابق کرکٹرز کی پہلے ٹی 20 میں عمادوسیم کو باہربٹھانے پرکڑی تنقید

پاکستان کے سابق کرکٹرز نے جمعرات کےروز نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران عماد وسیم کی پاکستانی ٹیم میں عدم شرکت پر اپنی جانب سے تنقید اور ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ 
محمد عامر کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے والے عماد وسیم نے جمعرات کو ہونے والے میچ کے دوران خود کو ابتدائی لائن اپ سے باہر پایا۔ عماد وسیم کے بجائے، پاکستان کی جانب سے ہارڈ ہٹنگ بلے باز عثمان خان، عرفان خان اور مسٹری اسپنر ابرار احمد کو ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کرانے کا انتخاب کیا۔ اس انتخاب نے اقبال قاسم اور محسن خان جیسی قابل ذکر شخصیات کو ٹیم انتظامییہ کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنانے پر مجبور کیا، جن کا موقف ہے کہ تجربہ کار آل راؤنڈر کو گرین شرٹس کے پلیئنگ الیون کا حصہ ہونا چاہیے تھا۔ 
سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے اپنی الجھن اورپریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس فیصلے کو سمجھنے سے قاصر ہوں۔ شاداب خان کی جگہ عماد کو سلیکٹ کرنا چاہیے تھا۔ 
اسی طرح، محسن خان نے عماد وسیم اور محمدعامر کے لیے باقاعدہ کھیل کے وقت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ بین الاقوامی کرکٹ سے ان کے وقفے کے نتیجے میں کسی بھی طرح کے زنگ کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عماد اور عامر کو واپس لانے پر بہت شور و غوغا ہے اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ سے دوری کے باعث اپنی خامیوں اور کمزوریوں پر قابو پانے کے لیے زیادہ سے زیادہ میچ کھیلنے چاہئیں۔