news
English

سابق بھارتی کرکٹر نے بابر اعظم کو خود غرض کھلاڑی قرار دے دیا

پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے گروپ مرحلے میں چار میں سے دو میچوں میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہنے کے بعد باہر ہوگیاتھا۔

سابق بھارتی کرکٹر نے بابر اعظم کو خود غرض کھلاڑی قرار دے دیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ان دنوں شدید تنقید کی زد میں ہیں اور اب ان پر خودغرض کھلاڑی ہونےکا الزام بھی لگ گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جو حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی بدترین کارکردگی کے بعد شدید تنقید کی زد میں ہیں اب ان پر خودغرض کھلاڑی کا الزام بھی لگ گیا ہے اور یہ الزام روایتی حریف بھارت کے سابق کرکٹر پارتھیو پٹیل نے لگایا ہے۔ 
سوشل میڈیا پر پارتھیو پٹیل کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے بابر اعظم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان کو خودغرض قرار دیا ہے۔ 
سابق بھارتی وکٹ کیپر نے کہا کہ جب آپ کا کپتان ہی خودغرض ہو تو ٹیم کا کچھ نہیں ہوسکتا۔،، 
پارتھیو پٹیل نے فخر زمان کی ورلڈ کپ میں ناکامی پر کہا کہ فخر زمان کیا کر سکتا تھا جب اسے اپنی اصل پوزیشن یعنی اوپنر کے طور پر کھیلنے کا موقع نہ ملے۔ جب بابر اوپننگ کرنا چاہتے تھے تو فخر کو بیٹنگ کے لیے ان کے بعد ہی آنا پڑا۔،، 
ان کا کہنا تھا کہ میں جو آج کہہ رہا ہوں وہ نیا نہیں ہے بلکہ سابق پاکستانی کرکٹرز وسیم اکرم اور وقار یونس بھی یہی کہتے ہیں۔،، 
واضح رہے کہ بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان نے چار ورلڈ کپ اور دو ایشیا کپ کھیلے تاہم وہ کسی ایک ایونٹ میں بھی ٹرافی جیتنے میں ناکام رہے۔ گزشتہ 8 ماہ کے دوران کپتان بابراعظم کی قیادت میں پاکستان نے ایشیا کپ، ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تاریخ کی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہی راؤنڈ میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ 
حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بابر اعظم کی انفرادی کارکردگی بھی مایوس کن رہی اور وہ چار میچز میں صرف 87 رنز ہی بنا سکے۔