news
English

باب وولمرزندہ ہوتے تو آج پاکستان کی کرکٹ بہت آگے ہوتی، یونس خان

پاکستان کے سابق لیجنڈ کرکٹر نے باب وولمر کی المناک موت اور کھلاڑیوں کی آزمائش کے بارے میں کھل کر بات چیت کی۔

باب وولمرزندہ ہوتے تو آج پاکستان کی کرکٹ بہت آگے ہوتی، یونس خان

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ اگر باب وولمرزندہ ہوتے تو آج  پاکستان کی کرکٹ بہت آگے ہوتی۔ یونس خان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اگر باب وولمر ہیڈ کوچ کے عہدے پر رہتے تو پاکستان کی کرکٹ کو شاندار کامیابیاں حاصل ہوتیں۔ 
ایک مقامی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ آنجہانی باب وولمر سے متعلق سوال پر یونس خان کا کہنا تھا کہ ان کی  باب وولمر سے بہت اچھی دوستی تھی، ہم ہر میچ کے بعد ایک ساتھ بیٹھتے اور کھیل سے متعلق بات چیت کیا کرتے تھے۔ 
ورلڈکپ 2007 میں آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست اور کوچ باب وولمر کے انتقال سے متعلق بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ  آئرلینڈ کے خلاف میچ میں وہ صفر پر آؤٹ ہوئے، انہیں اس پر بہت شرمندگی تھی، اس  لیے اس دن ہم ایک ساتھ نہ بیٹھے، صبح 11 بجے ہمیں اطلاع ملی کہ ان کا انتقال ہوگیا ہے۔،، 
اس موقع پر یونس خان کا کہنا تھا کہ اگر باب وولمر زندہ ہوتے تو آج پاکستان کی کرکٹ بہت آگے ہوتی۔ 
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ باب وولمر کی موت کے بعد ویسٹ انڈین حکام کی جانب سے ہمیں ایک دوسرے  جزیرے پر منتقل کردیا گیا تھا جہاں پولیس نے 3 دن تک تمام کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کی، مختلف ٹیسٹ ہوئے، یہ ہم سب کے لیے اذیت سے کم نہیں تھا۔،،