مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور4 بچے چھوڑے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چئیرمین اور سابق سیکریٹری خارجہ شہر یارخان کو کراچی میں سپردخاک کردیا گیا۔
شہریار خان ہفتہ کے روز طویل علالت کے بعد لاہورمیں انتقال کرگئے تھے، مرحوم کی عمر 89 برس تھی۔
شہریارخان کی نماز جنازہ ان کی آبائی رہائش گاہ بھوپال ہاؤس ملیر سٹی میں ادا کی گئی جس میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سابق سیکریٹری خارجہ نجم الدین شیخ، سابق ٹیسٹ کپتان وسیم باری، سرفراز احمد و دیگر نے شرکت کی۔
تدفین کے موقع پر ایم کیو ایم کی رہنما سابق ڈپٹی ناظم کراچی نسرین جلیل، رکن قومی اسمبلی آسیہ اسحاق، پروفیسر اعجازاحمد فاروقی اور نواب گھرانوں کی شخصیات، سفارت کار و دیگر بھی موجود تھے تاہم کوئی حکومتی فرد موجود نہ تھا اور نہ ہی اس سطح پر کسی نے نمائندگی کی۔
شہریار خان کی قبرپر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق صدور نجم سیٹھی اور ذکا اشرف کی طرف سے بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں، دومرتبہ چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر فائز رہنے والے شہریار خان پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کے ماہر تصور کیے جاتے تھے، نواب گھرانے سے تعلق رکھنے والے شہریار خان 29مارچ 1934ء کو بھارت کے علاقے لکھنؤمیں پیدا ہوئے۔
انگلینڈ میں اعلیٰ تعلیم پانے والےشہریارخان کے خاندان نے تقسیم ہند کے بعد پاکستان آکر کراچی میں سکونت اختیار کی تھی، پاکستان کی وزارت خارجہ سے وابستہ شہریارخان معروف سفارت کار تصور کیے جاتے تھے، وہ برطانیہ اورفرانس میں پاکستان کے سفیربھی رہے۔
شہریارخان بھارتی ریاست بھوپال کے آخری حکمران نواب حمید اللہ خان کی سب سے بڑی صاحبزادی اورریاست کی ولی عہدشہزادی عابدہ سلطان کے اکلوتے بیٹے تھے، شہزادی عابدہ سلطان بھی برازیل میں سفیررہیں، شہر یارخان معروف بھارتی اداکار سیف علی خان کے والد اور بھارت کے سابق ٹیسٹ کپتان نواب منصور خان پٹودی کے کزن تھے۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور 4 بچے چھوڑے ہیں۔