news
English

افتخاراحمد کو نظرانداز کرنے پر سابق چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کوملال

آفریدی نے رواں سال کے آغاز میں عبوری چیف سلیکٹر کی حیثیت سے افتخار احمد کو قومی اسکواڈ سے باہر نکال دیا تھا۔

افتخاراحمد کو نظرانداز کرنے پر سابق چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کوملال

دیر آید درست آید۔۔۔۔۔
قومی ٹیم کے سابق عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کو ماضی میں افتخار احمد کو نظر انداز کرنے پر اپنی غلطی کا احساس ہوگیا۔ کہتے ہیں خواہش ہے کہ افتخار احمد پاکستان کے لئے گلین میکسویل جیسی زبردست اننگز کھیلے۔
گزشتہ روز نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل نے 40 گیندوں پر 8 چھکوں اور9 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ اس سے قبل تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے بلے باز ایڈن مارکرم کے پاس تھا جنہوں نے سری لنکا کے خلاف 49 گیندوں پر 100 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ 
گلین میکسویل کی اننگز کو سراہتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ خواہش ہے افتخار احمد پاکستان کے لئے میکسویل جیسی اننگز کھیلے۔ 
پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل کی شاندار اننگز کو دل کھول کر سراہا، جنہوں نے نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری اسکور کی۔ بوم بوم آفریدی کو توقع ہے کہ قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد اسی طرح کھیلیں گے جس طرح میکسویل نے کھیلا کیوں کہ ان کے پاس آسٹریلوی آل راؤنڈر جیسی صلاحیتیں ہیں۔ شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ "گلین میکسویل کی آج کی اننگزکیسی شاندار تھی، یہ ٹاپ کلاس پاور ہٹنگ کا ایک زبردست مظاہرہ ہے، آسٹریلیا اسی قسم کی بلے بازی کے لیے جیت کا مستحق ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "میں افتخار احمد سے ہماری ٹیم کے لیے ایسا ہی کردار ادا کرنے کی توقع رکھتا ہوں، وہ یقینی طور پر ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بھارتی میدانوں کی پچوں کو پاور ہٹنگ کے لیے تیار کیا گیا ہے، ہم سب کو اب آپ کو سراہنے کی ضرورت ہے۔"
یاد رہے کہ گلین میکسویل نے نیدرلینڈ کے بولرز کی خوب جم کر دھلائی کی، انہوں نے صرف 40 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ 35 سالہ میکسویل اس وقت بیٹنگ کے لیے آئے جب آسٹریلیا 38 اوور میں 266 رنز اسکور کرچکا تھا ۔ میکسویل نے آکر ڈچ گیند بازوں کو نشانہ بنانا شروع کیا اور صرف 44 گیندوں پر9 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے مجموعی طور پر 106 رنز بنائے۔ اس سے قبل ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم کے پاس تھا جنہوں نے اسی میدان میں میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف 49 گیندوں پر سنچری بناکر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔