کراچی: پاکستان کے سابق کرکٹر راشد لطیف قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔
راشد لطیف نے بابراعظم کو ہٹانے کی کوششوں میں مصروف عناصر کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آ جائیں کیونکہ بابر سے بہترین کپتان قومی ٹیم کو اس وقت کوئی اور نہیں مل سکتا۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں راشد لطیف نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کے کچھ سابق ’’سپر اسٹار کرکٹرز‘‘ کو بابر اعظم سے کوئی مسئلہ ہے اس لیے وہ انہیں کپتانی سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں، بابر اپنے بلے سے ناقدین کی باتوں کا جواب دے رہا ہے جو شاید ان کی سمجھ میں نہیں آرہا۔
راشد لطیف نے بابراعظم کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر خود کو تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک بنا چکے ہیں، ہم نے اسے اپنی آنکھوں کے سامنے لاتعداد سینچریاں اسکور کرتے ہوئے دیکھا ہے جو ان کے لیے معمول کی بات ہے، جب بابراعظم ریٹائر ہو جائیں گے تو بلاشبہ اُنہیں تاریخ کے عظیم ترین کرکٹرز میں یاد رکھا جائے گا۔