news
English

قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ کو تاحال واجبات ادا نہ ہوئے

پی سی بی نے ابھی تک معاوضہ نہیں دیا، ڈیلی الائونس بھی باقی ہے، ذرائع

قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ کو تاحال واجبات ادا نہ ہوئے

قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ کئی ماہ گزرنے کے باوجود اپنے واجبات کے منتظر ہیں جب کہ پی سی بی نے سابق کرکٹر کو نہ تو ان کا معاوضہ ادا کیا ہے اور نہ ہی ڈیلی الاؤنس دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ذکا اشرف جب مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ تھے تو انھوں نے محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داری سونپی تھی، دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داری بھی انھوں نے سنبھالی، کینگروز کے دیس میں قومی ٹیم شان مسعود کی زیرقیادت تینوں ٹیسٹ ہار گئی جبکہ کیویز نے شاہین شاہ آفریدی الیون کو ٹی 20 سیریز میں 1-4 سے زیر کیا۔ 
ذکا اشرف کی جگہ جب محسن نقوی نے پی سی بی کے سربراہ کی ذمہ داری سنبھالی تو غیرملکی کوچ لانے کا عندیہ دیا، اس سے محمد حفیظ کا عہدے پر برقرار نہ رہنا یقینی ہوگیا، رواں سال فروری میں انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ نئے چیئرمین کے آنے پر ان کی چار سالہ ذمہ داری صرف 2 ماہ تک ہی محدود رہی۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم رواں ماہ پاکستان آنے والی ہے، البتہ اب تک کسی کوچ کا تقرر ہی نہیں کیا جا سکا، کئی غیرملکی سابق کرکٹرز عہدہ لینے سے انکار کر چکے ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کو ان کا طے شدہ معاوضہ اور آسٹریلیا و نیوزی لینڈ ٹور کا ڈیلی الاؤنس بھی ادا نہیں کیا، یاد دہانی پر کہا گیا کہ چیئرمین کی مصروفیت کے سبب ایسا ہوا ہے۔ 
محمد حفیظ نے وطن واپسی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا،اس کے بعد انھیں عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ سامنے آ گیا۔
سابق کپتان اب ٹی وی پر بطور ماہر کعکٹ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، البتہ اب تک انھوں نے کھل کر پی سی بی کے ساتھ اپنے تجربات پر اظہار خیال سے گریز کیا ہے۔