news
English

پی ایس ایل اوربگ بیش کے حوالے سے بڑی پیشرفت، شیڈول متصادم نہیں ہوگا

حالیہ دورہ آسٹریلیا میں چند معاملات پر اہم پیشرفت ہوئی ہےاور باقاعدہ معاہدہ بھی جلد ہوجائے گا، ذکا اشرف

پی ایس ایل اوربگ بیش کے حوالے سے بڑی پیشرفت، شیڈول متصادم نہیں ہوگا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی، دونوں لیگز کا شیڈول متصادم نہیں ہوگا۔ 
تفصیلات کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے پی ایس ایل کمشنرنائلہ بھٹی کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والی میڈیا کانفرنس میں بتایا کہ حالیہ دورہ آسٹریلیا میں چند معاملات پر اہم پیشرفت ہوئی ہےاور باقاعدہ معاہدہ بھی جلد ہوجائے گا۔ 
دونوں بورڈز میں طے پایا ہے کہ آئندہ پی ایس ایل اور بگ بیش لیگ کو الگ الگ تاریخوں پر شیڈول کیا جائے گا تاکہ شائقینِ کرکٹ دونوں ایونٹس میں شاندارمقابلوں سے لطف اندوز ہوسکیں، دونوں بورڈز ان لیگز میں کرکٹرز کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے این اوسی کے معاملات میں آسانی لائیں گے، آسٹریلیا پاکستانی کیوریٹرز کی ٹریننگ میں معاونت فراہم کرے گا۔  
پچ بنانے کی تربیت کے لیے پاکستانی کیوریٹرز آسٹریلیا جائیں گے، ٹیکنالوجی کے معاملے میں بھی معاونت دی جائے گی۔ 
کرکٹرز کو مستقبل میں سخت چیلنجز کی تیاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے انڈر19، ویمنز اور اے ٹیموں کی ٹورز شیڈول کیے جائیں گے، پاکستانی کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے باؤنسی ٹریکس اور آسٹریلوی پلیئرز کو ایشین کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوگا، اس منصوبے میں تیسری ٹیم ممکنہ طور پر جنوبی افریقہ کی ہوسکتی ہے۔  
ذکا اشرف نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کے دوران پاکستان نے نئے ٹیلنٹ کو مواقع دیے،انھوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپوراظہاربھی کیا، مستقبل میں مثبت نتائج حاصل کرنے کے لیے ہی مشترکہ ڈیولپمنٹ پروگرامز شروع کررہے ہیں تاکہ ہمارے کرکٹرز کے لیے آسٹریلیا کی کنڈیشنز اجنبی نہ رہیں۔