news

میجر لیگ کرکٹ 2024 میں پاکستان کے4کھلاڑیوں کی شرکت کا امکان

پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سی) حاصل کرنے پر منحصر ہے۔

میجر لیگ کرکٹ 2024 میں پاکستان کے4کھلاڑیوں کی شرکت کا امکان

رواں سال جون میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد کئی ٹاپ شارٹ فارم کرکٹرز شمالی امریکہ میں رہیں گے، راشد خان، ٹرینٹ بولٹ، ہینرک کلاسن، عماد وسیم اور حارث رؤف جیسے ستاروں کو جولائی میں میجر لیگ کرکٹ کے دوسرے سیزن کے لیے ان کی فرنچائزز نے برقرار رکھا ہے۔ 
بارباڈوس میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل کے صرف چھ دن بعد 5 جولائی کو نئے سیزن کا آغاز ہو رہا ہے۔ حارث رؤف کو سان فرانسسکو یونیکورنز نے برقرار رکھا ہے جبکہ سیٹل آرکاس نے عماد وسیم کو برقرار رکھا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان کے نوجوان کھلاڑی زمان خان اور ابرار احمد بھی 2024 کی میجر لیگ میں شامل ہو سکتے ہیں، جو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے زیر التواء نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) کے منتظر ہیں۔ 2024 میں چھ ٹیمیں 5 جولائی سے 28 جولائی تک ٹیکساس اور شمالی کیرولائنا میں میجرلیگ میں حصہ لیں گی۔ 
میجرلیگ کا افتتاحی ایڈیشن گزشتہ سال منعقد ہوا تھا، فائنل میں نیویارک نے سیٹل آرکاس کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ 
آنے والے سیزن کا آغاز شمالی کیرولائنا کے چرچ اسٹریٹ پارک میں نیو یارک اور سیئٹل آرکاس کے درمیان دوبارہ میچ سے ہوگا، اس کے بعد ٹیکساس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں ٹیکساس سپر کنگز اور ایل اے نائٹ رائیڈرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 
ٹورنامنٹ میں 21 میچز راؤنڈ رابن لیگ فارمیٹ میں ہوں گے، پہلے 15 گیمز چرچ اسٹریٹ پارک اور گرینڈ پریری اسٹیڈیم کے درمیان تقسیم کیے جائیں گے۔ آخری چھ گروپ میچز اور ناک آؤٹ راؤنڈز گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں ہوں گے، جس کا اختتام 29 جولائی کو ایم ایل سی 2024 کے فائنل میں ہوگا۔ 
چھ میں سے چار ٹیمیں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائزز سے وابستہ ہیں، ایم آئی نیویارک (ممبئی انڈینز)، ٹیکساس سپر کنگز (چنائی سپر کنگز)، ایل اے نائٹ رائیڈرز (کولکتہ نائٹ رائیڈرز) اور سیئٹل آرکاس (دہلی کیپٹلز)باقی ٹیمیں سان فرانسسکو یونیکورنز اور واشنگٹن فریڈم ہیں۔ 
ایم ایل سی 2024 میں نمایاں بین الاقوامی کھلاڑی شامل ہوں گے، جن میں سابق ویسٹ انڈین کپتان کیرون پولارڈ ایم آئی نیو یارک کے ساتھ اور جنوبی افریقی ستارے وین پارنیل اور کوئنٹن ڈی کوک سیئٹل آرکاس کے ساتھ ہیں۔ 
ٹیکساس سپر کنگز کی قیادت جنوبی افریقہ کے فاف ڈو پلیسی کریں گے جبکہ ویسٹ انڈین آف اسپنر سنیل نارائن ایل اے نائٹ رائیڈرز کی قیادت کریں گے۔ رکی پونٹنگ کی کوچنگ میں واشنگٹن فریڈم میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل اور ٹریوس ہیڈ شامل ہوں گے جبکہ نیوزی لینڈ کے فن ایلن نے سان فرانسسکو یونیکورنز میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔