news
English

ایشیاء کپ 2022 کا مکمل شیڈول  

سپر فور میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان 11ستمبر کو شام 7 بجے دبئی میں فائنل ٹاکرا ہوگا۔

ایشیاء کپ 2022 کا مکمل شیڈول   

 

ایشیاء کپ چھ ٹیموں کا شاندار کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جو 27 اگست سے 11 ستمبر کے درمیان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہورہا ہے۔

ایشیا کپ رواں سال سے اپنے سنسنی خیز فارمیٹ میں واپس آیا ہے اور اس میں کُل چھ ٹیمیں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں جو ٹورنامنٹ کے 15 ویں ایڈیشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

یہ ڈبل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد فائنل ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ ہر ٹیم اپنے گروپ میں ایک بار باقی ٹیموں کا سامنا کرے گی جس میں ہر سائیڈ پر دو میچ ہوتے ہیں، اس کے بعد ہر گروپ سے سرفہرست آنے والی دو ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچتی ہیں، جہاں تمام ٹیمیں ایک بار راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔ سپر فور مرحلے میں سرفہرست آنے والی دو ٹیمیں اس کے بعد ٹورنامنٹ کے فاتح کا تعین کرنے کے لیے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

بھارت نے اپنے ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں روایتی حریف پاکستان کا سامنا کیا اور پانچ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ ان دونوں ٹیموں کا اس ٹورنامنٹ میں ایک یا دو بار نہیں بلکہ ممکنہ طور پر تین بار ٹاکرا ہوسکتا ہے۔

اس ٹورنامنٹ کو آسٹریلیا میں اکتوبر،نومبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 سے قبل ایشیا کے سرفہرست کرکٹنگ ممالک کے لیے ڈریس ریہرسل کے طور پر لیا جاسکتا ہے۔

بھارت ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کے طور پر داخل ہوا ہے اور وہ ایشیا کپ کی تاریخ میں سات ٹائٹل (1984، 1988، 1990-91، 1995، 2010، 2016، 2018) کے ساتھ اب تک کی سب سے کامیاب ٹیم ہے۔

گروپ اے میں بھارت، پاکستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

 میچز کے تمام اوقات پاکستان کے معیاری وقت (پی ایس ٹی) کے مطابق دیے گئے ہیں۔

 

 میچز کا شیڈول:

 اگست 27 کو شام 7 بجے دبئی میں گروپ بی کی ٹیموں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں افغانستان نے فتح حاصل کی۔

 اگست 28 کو گروپ اے میں شامل بھارت اور پاکستان کا دبئی میں شام سات بجے ٹاکرا ہوا، جس میں بھارت نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

اگست 30 کو گروپ بی میں شامل بنگلہ دیش اور افغانستان شارجہ میں شام 7 بجے مدمقابل ہوں گے۔

گروپ اے میں شامل بھارت اور ہانگ کانگ 31 اگست کو شام سات بجے دبئی میں ٹکرائیں گے۔

 گروپ بی میں شامل سری لنکا اور بنگلہ دیش یکم ستمبر کو شام سات بجے دبئی میں مدِ مقابل ہوں گے۔

گروپ اے میں شامل پاکستان اور ہانگ کانگ 2 ستمبر کو شام سات بجے شارجہ میں میچ کھیلیں گے۔

ایشا کپ کے سپرفور مرحلے کا آغاز 3ستمبر سے ہوگا جس کا پہلا مقابلہ شارجہ میں شام 7 بجے بی ون اور بی ٹو کے درمیان ہوگا۔

اسی طرح 4 ستمبر کو سپرفور مرحلے کا دوسرا مقابلہ دبئی میں شام سات بجے اے ون اور اے ٹو کے درمیان ہوگا۔

سپرفور کا اگلا مقابلہ6ستمبر کو اے ون اور بی ون کے درمیان شام 7 بجے دبئی میں ہوگا۔

سپرفور مرحلے کا اگلا میچ 7ستمبرکو اے ٹو اور بی ٹو کے درمیان شام سات بجے دبئی میں ہوگا۔

سپرفور کا چوتھا مقابلہ 8ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان شام 7 بجے دبئی میں ہوگا۔

سپرفور کا اگلا میچ9ستمبر کو بی ون اور اے ٹو کے درمیان شام 7 بجے دبئی میں ہوگا۔

سپر فور میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان 11ستمبر کو شام 7 بجے دبئی میں فائنل ٹاکرا ہوگا۔