news
English

دبئی کے معیار کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی جائے گی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تین بڑے وینیوز لاہور، کراچی اور راولپنڈی کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

دبئی کے معیار کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی جائے گی

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد سے قبل لاہور کے ذافی اسٹیڈیم کو دبئی کے جیسا عالمی معیار کے مطابق بنانے کی تیاری کرلی گئی۔ باکسز کو گراؤنڈ کے قریب کیا جائے گا جبکہ 2 انکلوژرز میں نشستوں کی تعداد بڑھائی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین گرائونڈ میں بیٹھ کر عالمی معیار کی کرکٹ سے لطف اندوز ہوسکیں۔ 
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور کو دبئی کے جیسا انٹرنیشنل بنانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، ہاسپٹیلٹی باکسز کو گراؤنڈ کے قریب کیا جائے گا جبکہ 2 انکلوژرز میں نشستوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان کو آئندہ برس چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرنی ہے، پی سی بی نے اس سے قبل لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے 3 اہم وینیوز کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، اس حوالے سے ایک غیرملکی کمپنی نے ڈیزائن بھی پیش کردیے ہیں، گزشتہ دنوں لاہورمیں منعقدہونےوالے اجلاس میں قذافی اسٹیڈیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اسے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کی طرز پر بنانے کا فیصلہ ہوا۔ 
گرائونڈ اپ گریڈ ہونے سے شائقین کو بغیر کسی رکاوٹ کے میچ کا واضح نظارہ دیکھنے کو موقع ملے گا، موجودہ ہاسپٹیلٹی باکسز گراؤنڈ سے بہت پیچھے ہیں، انھیں آگے کی طرف بنایا جائے گا، عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز میں نشستوں کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ 
دستیابی کی صورت میں مزید بڑی اسکرین نصب کی جائے گی جبکہ مرکزی عمارت میں قائم بورڈ ڈائریکٹرز کے کمروں کو توڑ کر انھیں این سی اے یا کرکٹ ہاؤس منتقل کرنے پر اتفاق کیاگیا ہے۔ 
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گرائونڈ کی اپ گریڈیشن میں شائقین کے لیے سہولتیں بہتر بنانے اور انھیں بغیر کسی رکاوٹ کے میچ دیکھنے کا موقع دینے پر زور دیا ہے،وہ اب انگلینڈ چلے گئے ہیں جہاں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا چوتھا ٹی20 انٹرنیشنل میچ دیکھیں گے۔  
چیئرمین پی سی بی کی انگلینڈ سے امریکا روانگی کا بھی امکان ہے جہاں وہ ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے کچھ میچز دیکھیں گے، محسن نقوی کی وطن واپسی کے بعد کراچی اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔