news
English

ایشیاء کپ: بابراعظم کی کپتانی پر گمبھیر نے بھی سوال اٹھادیا

اختتامی لمحات میں بابراعظم کی فیلڈ پلیسمنٹ مجھے سمجھ نہیں آئی، سابق بھارتی اوپنر  

ایشیاء کپ: بابراعظم کی کپتانی پر گمبھیر نے بھی سوال اٹھادیا

سابق بھارتی کرکٹر اور بی جے پی کے رہنما گوتم گمبھیر نے ایشیاء کپ میں پاکستان کی سری لنکا کے ہاتھوں سپر فور مرحلے میں شکست پر بابراعظم کی کپتانی پر سوال اٹھادیا۔ 
ایشیاء کپ کے براڈ کاسٹر کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے میچ کے اختتامی اوورز میں بابراعظم کی کپتانی پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زمان خان اور شاہین آفریدی اچھی بالنگ کروارہے تھے لیکن بابراعظم کی فیلڈ پلیسمنٹ مجھے سمجھ نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ جب سست رفتار سے شاہین اور زمان گیندیں کروا رہے تھے تو بابراعظم نے لانگ آف پر فیلڈر کو اوپر کیوں نہیں بلایا، اسی طرح کوشل مینڈس اور سدیرا سمارا وکرما کی سنچری شراکت کے دوران بابر نے پارٹنرشپ توڑنے کے بجائے پارٹ ٹائم بالرز سے بالنگ کروائی۔ 
گوتم گمبھیر نے کہا کہ جب کوئی پارٹنرشپ بننا شروع ہوتی ہے تو کپتان اپنے اٹیکنگ بالرز کو اوور دیتا ہے لیکن بابراعظم نے یہ بھی نہ کیا۔ 
انہوں نے بابراعظم کو مشورہ دیا کہ درمیانی اوورز میں زیادہ جارحانہ اندازاپنانا اور وکٹیں لینے پر توجہ مرکوز کرنا ہی آپ کو میچ جتواسکتا ہے۔ بابر کو اپنی کپتانی میں بہتر ہونا پڑے گا کیونکہ ون ڈے کرکٹ ایسی نہیں کہ آپ غلطیاں کرتے رہیں۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، دونوں ٹیمیں 17 ستمبر کو کولمبو میں ٹکرائیں گی۔ 
قومی ٹیم نے بارش سے متاثرہ 42 اوورز کے میچ میں 252 رنز بنائے جبکہ آئی لینڈرز نے ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔