news
English

پاکستانی ٹیم کی کارکردگی نے گنگولی کو یوٹرن لینے پر مجبور کردیا   

سابق بھارتی کپتان پاک بھارت سیمی فائنل کولکتہ میں دیکھنے کی امیدیں کرنے لگے۔

پاکستانی ٹیم کی کارکردگی نے گنگولی کو یوٹرن لینے پر مجبور کردیا   

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کم بیک نے سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کو بھی یوٹرن لینے پر مجبور کردیا۔ 
میگا ایونٹ میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد پاکستان کیلئے ٹورنامنٹ میں کم بیک کو مشکل قرار دینے والے سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں پاک بھارت سیمی فائنل دیکھنے کی امید کرنے لگے۔ 
مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق بھارتی کرکٹر سارو گنگولی نے کہا کہ “میں چاہتا ہوں کہ پاکستان یہاں [کولکتہ کے ایڈن گارڈنز] میں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرے کیونکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت سے بڑا مقابلہ کوئی نہیں ہوسکتا”۔  
قبل ازیں بھارت کے ہاتھوں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں گرین شرٹس کی شکست کے بعد سابق کرکٹر سارو گنگولی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میگا ایونٹ میں پاکستان کا کم بیک کرنا مشکل ہے، گرین شرٹس کی موجودہ پلئینگ الیون میں مقابلہ کرنے کے جذبے کی کمی نظر آتی ہے جبکہ بھارتی ٹیم پاکستان سے بہت آگے ہے۔،، 
دوسری جانب ورلڈکپ 2023 میں بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں تاہم آسٹریلیا تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔  
پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن کیلئے نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان مقابلہ جاری ہے جبکہ گزشتہ روز میچ کے بعد قومی ٹیم کا رن ریٹ بھی بہتر ہوکر مثبت ہوگیا ہے۔ 
 
سیمی فائنل میں جانے کے لیے گرین شرٹس ایک فتح کی دوری پر ہیں، پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں نہ صرف قائم ہیں بلکہ مزید بڑھ گئی ہیں، لیکن اس کے لیے یہ دعا کرنا ہوگی کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ میں سری لنکا کو فتح ملے، اگر کیویز جیتے تو پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔