کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ گاؤں سے آئے ہوئے لوگ ہیں، سادہ زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے سلیم خالق کو دیئے گئے انٹرویو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سب کچھ دے کر آزماتا ہے، اس لیے کوشش ہوتی ہے کہ سادہ زندگی گزاروں، اللہ نے عزت دی ہے اس کا سوال بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گاؤں سے آئے ہوئے لوگ ہیں، اس لیے سادہ زندگی کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں، گھر جاکر وہیں زمین پر سوتا ہوں جہاں ہمیشہ سوتا رہا ہوں، اسی پر مجھے سکون ملتا ہے، میری کوشش ہوتی ہے کہ میں آج بھی ویسا ہی رہوں جیسا شہرت ملنے سے پہلے تھا۔
شاداب خان نے کہا کہ مجھ میں اداکاری یا دکھاوا نہیں ہے، ہر انسان برابر ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں کچھ دیکھ کر عطا کیا ہے تو غرور تکبر کیسے ہوگا؟