news
English

ون ڈے رینکنگ میں بابراعظم بدستورپہلے نمبرپر، شبھمن گل سےدوری بڑھ گئی

ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان اور امام الحق کی ایک درجہ تنزلی۔

ون ڈے رینکنگ میں بابراعظم بدستورپہلے نمبرپر، شبھمن گل سےدوری بڑھ گئی

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے ورلڈ کپ 2023 کے دوران آئی سی سی ںے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
بلے بازوں کی نئی رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم 898 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر قابض ہیں جبکہ قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق 728 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹی پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ 
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے امام الحق سے پانچویں پوزیشن چھین کے انہیں نیچے دھکیل دیا۔ 
ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان بھی ایک درجہ تنزلی کے بعد 11ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ بھارتی ٹیم کے بلے باز شبھمن گل رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بولنگ کی نئی رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج اور آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ کے پوائنٹس برابر ہیں تاہم کارکردگی کے اعتبار سے محمد سراج 669 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور جوش ہیزل ووڈ دوسرے نمبر پر ہیں۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی دو درجہ ترقی کے بعد 632 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی نئی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بھارتی ٹیم 116 ریٹنگ کے ساتھ پہلے، پاکستان 115 ریٹنگ کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 112 ریٹنگ کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔