news

چیمپئنزٹرافی 2025: گوتم گمبھیر کی روہت شرما اور ویرات کوہلی کی حمایت

ایک بات میں بالکل واضح کر سکتا ہوں کہ ان دونوں میں کافی کرکٹ باقی ہے، بھارتی کوچ

چیمپئنزٹرافی 2025: گوتم گمبھیر کی روہت شرما اور ویرات کوہلی کی حمایت

بھارتی ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کھیلنے کے لیے روہت شرما اور ویرات کوہلی کی حمایت کردی، کہتے ہیں انہوں نے وہ کردکھایا ہے جو وہ بڑے اسٹیج پر دے سکتے ہیں چاہے وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہو یا 50 اوور کا ورلڈ کپ، دونوں میں کافی کرکٹ باقی ہے۔  
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ کوچ گوتم گمبھیر نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کی صلاحیتوں پر مضبوط اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آنے والے بڑے ٹورنامنٹس بشمول چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں پاکستان کی میزبانی میں ان دونوں کھلاڑیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ بھارتی ٹیم کے سری لنکا کے دورے سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گوتم گمبھیر نے ہندوستانی کرکٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے اہم کرداروں پر روشنی ڈالی۔ 
گوتم گمبھیر نے کہا کہ "میرے خیال میں انہوں نے وہ کردکھایا ہے جو وہ بڑے اسٹیج پر دے سکتے ہیں چاہے وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو یا 50 اوور کا ورلڈ کپ۔ ایک بات میں بالکل واضح کر سکتا ہوں کہ ان دونوں میں کافی کرکٹ باقی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ چیمپئنز ٹرافی آ رہی ہے اور آسٹریلیا کے بڑے دورے سے وہ کافی حوصلہ افزائی کریں گے اور پھر امید ہے کہ اگر وہ اپنی فٹنس کو برقرار رکھ سکتے ہیں تو 2027ء کا ورلڈ کپ بھی باقی ہے"۔ 
گوتم گمبھیر نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ بالآخر روہت شرما اور کوہلی کا ذاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ ایک بہت ہی ذاتی فیصلہ ہے۔ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ ان میں کتنی کرکٹ باقی ہے۔ آخر کار یہ ان پر منحصر ہے۔ یہ کھلاڑیوں پر منحصر ہے کہ وہ ٹیم کی کامیابی میں کتنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ آخر کار یہ قومی ٹیم ہے۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ ویرات اور روہت کے پاس بہت زیادہ کرکٹ ہے، کوئی بھی ٹیم ان دونوں کو زیادہ سے زیادہ وقت تک چاہتی ہے۔،، 
سابق کرکٹر نے خاص طور پر جسپریت بھمراہ جیسے تیز گیند بازوں کے لیے ورک لوڈ مینجمنٹ کے اہم پہلو پر بھی بات کی۔ گوتم گمبھیر نے کہا کہ "جسپریت بھمراہ جیسے کسی کے لیے ورک لوڈ مینجمنٹ اہم ہے۔ روہت اور ویرات ٹی ٹونٹی نہیں کھیل رہے ہیں اس لیے انھیں زیادہ تر اہم میچز کے لئے دستیاب ہونا ضروری ہے۔ ایک بلے باز کے لیے اگر وہ اچھی کرکٹ کھیل سکتا ہے اور اچھی فارم میں ہے تو وہ سب کھیل سکتے ہیں۔ کھیل صرف جسپریت بھمراہ کے لیے نہیں بلکہ زیادہ تر گیند بازوں کے لیے ورک لوڈ مینجمنٹ اہم ہے۔"