گرین شرٹس کے کپتان کو اپنا کھیل کا انداز اور سب سے بڑھ کر اپنی ذہنیت بدلنا ہوگی، سابق بھارتی اوپنر
سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو اپنے بیٹنگ کے انداز میں تبدیلی کا مشورہ دے دیا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ بابر کو اپنی شخصیت، کھیل کے انداز اور سب سے بڑھ کر اپنی ذہنیت کو بدلنا ہوگا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’پاکستانی بیٹرز کی ہمیشہ سے اٹیک کرنے کی تاریخ رہی ہے، عمران نذیر، شاہد آفریدی، سعید انور اور عامر سہیل ابتداء ہی سے حریف ٹیم کے خلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے تھے، انہیں نمبر 3 پر انہی کھلاڑیوں کی طرح ذمہ داری لینا ہوگی‘‘۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ’’ ٹیم ویسے ہی کھیلتی ہے جس طرح کپتان کھیلتا ہے، پاکستان اور بھارت کے میچ میں بابراعظم اور روہت شرما دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں، ایک نے 50 رنز بنائے جبکہ دوسرے نے 80 رنز بنائے تاہم کسی نے سینچری اسکور نہیں کی لیکن فرق صرف انداز کا تھا‘‘۔
گوتم گمبھیر نے کہا کہ اگر پاکستان 190 رنز کا تعاقب کر رہا ہوتا تو ان کی ذہنیت صرف کھیل جیتنے کی ہوتی، چاہے وہ 35 یا 40 اوورز میں پہنچ جائے۔ کپتان دفاعی ہوگا تو ٹیم بھی دفاعی ہوگی، آپ کمرے میں موجود 10 دیگر کھلاڑیوں کو یہ نہیں کہہ سکتے کہ، ‘آپ مثبت کھیلیں لیکن میں ایک اینڈ سنبھال کر رکھوں گا۔،،
یاد رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر ماضی میں بھی بابراعظم کی کپتانی پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔