سنیل گواسکر نے موجودہ بھارتی فاسٹ بولنگ لائن اپ کے متاثر کن معیار کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان سے موازنہ کیا۔
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ لوگ پاکستانی بولنگ اٹیک کی بات کرتے ہیں مگر دنیا نے دیکھا کہ یہ بھارتی بولنگ اٹیک ہے۔
ایشیاء کپ کے فائنل میں محمد سراج نے سری لنکا کے خلاف تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 21 رنزدے کر 6 وکٹیں لیں جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر سری لنکا کے خلاف بھارتی بولر محمد سراج کے شاندار بولنگ اٹیک کی تعریف کرتے ہوئے بھی پاکستانی بولرز کو بھول نہ پائے اور انہوں نے موجودہ بھارتی فاسٹ بولنگ لائن اپ کے متاثر کن معیار کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان سے موازنہ کیا۔
یاد رہے کہ ایشیاءکپ کے فائنل میں بھارتی بولرز کے سامنے سری لنکن بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور صرف 12 رنز پر ان کے ابتدائی 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے جب کہ پوری سری لنکن ٹیم 15.2 اوورزمیں فقط 50 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، محمد سراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 21 رنزدے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سنیل گواسکر نے کہا کہ’ مجھے یاد نہیں پڑتا کہ آخری بار ہم نے ایسی زبردست پرفارمنس کب دیکھی تھی، لیکن آپ کو بتانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ یہ بھارت کے پاس موجود ایک نیا اور شاندار بولنگ اٹیک ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ لوگ کئی مرتبہ پاکستان کے بولنگ اٹیک کی بات کرتے ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ یہ بھارت کا بولنگ اٹیک ہے، جسپریت بمراہ اگرچہ ٹیم میں واپسی پر زیادہ وکٹیں نہ لے پائے لیکن انہوں نے بلے بازوں پر اپنا دباؤ برقرار رکھا‘۔
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ’ یہ مت بھولیےکہ بھارتی ٹیم کے پاس اب بھی محمد شامی جیسا بولر ہے جو بھارت کی پلیئنگ الیون میں شامل ہے، بتانا صرف یہ ہے کہ بولنگ لائن میں بھارت کے پاس بھی ریزروز کھلاڑی ہیں۔‘ْ
سنیل گواسکر نے پلیئر آف دی میچ کی تعریف کرتے ہوئے کہ ’سراج ایک ایسا بولرہے جو میدان میں ہمیشہ اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتا ہے جس کے لئے وہ سراہے جانے کے لائق ہیں۔