news
English

سابق کرکٹرہرشل گبزکی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بابرکی سست بیٹنگ پرتنقید

بنگلورو میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں فخر زمان کی جارحانہ اننگز نے پاکستان کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا۔

سابق کرکٹرہرشل گبزکی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بابرکی سست بیٹنگ پرتنقید

جنوبی افریقہ کے سابق اوپننگ بلے باز ہرشل گبز نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم کی سست رفتار بلے بازی کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ 
تفصیلات کے مطابق بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کو فاتح قرار دے دیا گیا، فخر زمان کی جارحانہ اننگز نے پاکستان کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا، پاکستان ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت کیویز کو 21 رنز سے شکست دینے میں کامیاب ہوا۔ پاکستان نے 25.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور جیت کے لیے 94 گیندوں پر 142 رنز درکار تھے لیکن بارش شروع ہونے پر میچ روک دیا گیا۔ 
فخر زمان 126 اور بابر اعظم 66 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ فخر زمان کی جارحانہ اننگز میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے گرین شرٹس کی واحد وکٹ ٹم ساؤتھی نے حاصل کی۔ تاہم جنوبی افریقہ کے سابق اوپننگ بلے باز ہرشل گبز نے بابر اعظم کی سست بیٹنگ پر شدید تنقید کی۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ہرشل گبز نے لکھا کہ ’کیا کوئی بابر اعظم کو بتا سکتا ہے کہ وہ 400 رنزکے ہدف کا تعاقب کررہے ہیں؟
بابراعظم 63 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 104.76 تھا جبکہ دوسری جانب فخر زمان نے 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 155.55 رہا۔ 
واضح رہے کہ 2006 میں جوہانسبرگ میں کھیلے گئے ون ڈے کرکٹ کے ایک میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف 435 رنز کا تاریخی ہدف حاصل کیا تھا اس میچ میں ہرشل گبز نے 175 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔