news
English

اسٹمپ کے پیچھے رضوان کی شاندار کارکردگی، ایڈم گلکرسٹ تعریف پرمجبور

محمد رضوان نے چابک دستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایلکس کیری کا ایک ہاتھ سے کیچ پکڑا اور ایڈم گلکرسٹ سے داد وصول کی۔

اسٹمپ کے پیچھے رضوان کی شاندار کارکردگی، ایڈم گلکرسٹ تعریف پرمجبور

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے میلبرن ٹیسٹ میں وکٹ کیپنگ کی غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا اور ایلکس کیری کا شاندار کیچ پکڑ کر ایڈم گلکرسٹ سے داد حاصل کی۔
میلبرن ٹیسٹ کے دوسرے روز شاہین آفریدی نے شارٹ آف لینتھ بال کرائی، جس پر ایلکس کیری نے کور ڈرائیو کھیلنے کی کوشش کی تاہم گیند بلے کا اندرونی کنارہ لے کر رضون کی دائیں جانب گئی جس پر انہوں نے ایک شاندار ڈائیو لگا کر گیند کو زمین چھونے سے پہلے ہی گلووز میں محفوظ کرلیا۔ 
کمنٹری باکس میں بیٹھے ایڈم گلکرسٹ نے اس شاندار کیچ پر حیرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، اوہ، یہ خوبصورتی سے لیا گیا ہے۔ یہاں محمد رضوان کی طرف سے مکمل خوبصورتی اور ہنرمندی دکھائی گئی ہے۔ یہ اتنا ہی مشکل کیچ ہے جتنا کہ ایک تیز گیند باز کی گیند پر ہوسکتا ہے، وکٹ کیپر کی طرف سے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ"۔ 
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے بدھ کے روز میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں واپسی کرتے ہوئے صبح کے سیشن میں سات وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کو لنچ تک 318 رنز پرڈھیر کردیا۔ 
پاکستان نے پہلی اننگز کی دوسری صبح ٹریوس ہیڈ کو 17، مارنس لیبوشن کو63، الیکس کیری کو4، مچل اسٹارک کو9، مچل مارش کو41، پیٹ کمنز کو13 اور ناتھن لیون کو 8 رنز پر آئوٹ کیا۔ عامر جمال نے 64 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔