بھارتی اوپنر شبھمن گل اور کوہلی کے ساتھ مڈل آرڈر بلے باز شیریاس ائیر اور کے ایل راہول نے بھی شاندار پرفارمنس کے بعد ترقی پائی ہے۔
بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز روہت شرما اور ویرات کوہلی نے پاکستانی ٹیم کے کپتان سے دوری مزید کم کرلی، شبھمن گل آئی سی سی کی بیٹنگ رینکنگ میں تاحال سرفہرست ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی اوپنر شبھمن گل 832 پوائنٹس کے ساتھ گزشتہ ہفتے بابر اعظم جو کہ 824 پوائنٹس کے حامل ہیں، کو پیچھے چھوڑنے کے بعد آئی سی سی کی تازہ ترین مردوں کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ بھارتی بلے باز ویرات کوہلی 772 پوائنٹس جبکہ کپتان روہت شرما 760 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور 5 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
شیریاس ائیر اور کے ایل راہول نے بھی شاندار پرفارمنس کے بعد ترقی حاصل کی ہے۔ شیریاس ائیر پانچ قدم آگے بڑھ کر فخر زمان کے ساتھ 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ کے ایل راہول 24ویں سے 17ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ورلڈ کپ اب ناک آؤٹ مراحل میں داخل ہو رہا ہے اور رینکنگ میں اگلے ہفتے مزید تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں جس میں بلے بازوں اور بولرز کی رینکنگ میں ٹاپ 10 میں سے سات سیمی فائنل میں شامل ہوں گے۔
بھارت کا آج وانکھیڑے میں نیوزی لینڈ کے ساتھ پہلے سیمی فائنل کا مقابلہ جاری ہے جبکہ جمعرات کے روز (کل) جنوبی افریقہ کا مقابلہ آسٹریلیا سے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔