news
English

میرا مقصد پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں مستقل مزاجی لانا ہے، جیسن گلیسپی

پاکستانی ٹیم کے نئے کوچ جیسن گلیسپی نے سلیکشن پینل کے دیگر ارکان اور کپتان کے ساتھ رابطے اور تعاون کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

میرا مقصد پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں مستقل مزاجی لانا ہے، جیسن گلیسپی

پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کوچ جیسن گلیپسی نے کہاہےکہ میں محنتی کھلاڑیوں کو اور ڈسپلن کو پسند کرتا ہوں۔ پاکستانی شائقین اپنی ٹیم کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں اور میرے لیے بھی سب سے اہم بات یہی ہے کہ میں جیتنا چاہتا ہوں۔،، 
تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹر جیسن گلیسپی کو پاکستان کی مینز ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ جیسن گلیسپی اپنے نئے کردار میں کوچنگ کا بہت بڑا تجربہ رکھتے ہیں، اس سے قبل وہ دنیا بھر میں مختلف ممالک کی ٹیموں کی کوچ کرچکے ہیں۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈ کاسٹ میں اظہارِخیال کرتے ہوئے، جیسن گلیسپی نے پاکستان کے ہنر مند اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کے موقع پر اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا، انہوں نے پاکستانی ٹیم کی ترقی، بہتری اور تفریحی کرکٹ کھیلنے میں مدد کرنے کے اپنے مقصد پر زور دیا۔  
پاکستانی ٹیم کے نئے کوچ جیسن گلیسپی نے سلیکشن پینل کے دیگر ارکان اور کپتان کے ساتھ رابطے اور تعاون کی اہمیت کوبھی تسلیم کیا۔
ریڈ بال کوچ جیسن گلیپسی نے کیپ ٹاؤن سے پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ٹیسٹ کرکٹ پسند ہے، یہ آپ کے کھیل کے ہر حصے کو جسمانی اور ذہنی طور پر جانچتی ہے، یہ تکنیک کی جانچ کرتی ہے اور یہ کسی بھی کرکٹر کا حقیقی امتحان ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اس انداز کی کرکٹ کھیلے جو ان کے مطابق ہو، میرے لیے یہ اہم ہے، میرا فلسفہ یہ ہے کہ آپ ایسی چیز بننے کی کوشش نہ کریں جو آپ نہیں ہیں، مستقبل میں کچھ ایس لمحات آنے والے ہیں جب آپ کو سخت محنت کرنی ہو گی یہی ٹیسٹ کرکٹ ہے۔ یہ آپ کی مہارت، ذہنی صلاحیت اور صبر کا امتحان ہے۔،، 
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن کو بالترتیب ریڈ بال اور وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔  
جیسن گلیپسی کے اسائنمنٹ کا آغاز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے بعد قومی ٹیم کی ٹیسٹ کرکٹ میں مصروفیات سے ہوگا۔