news
English

پوری سیریز کھیلنے دیں یا مجھے باہر نکال دیں، اعظم خان

اگر کوئی میری صلاحیتوں پر سوال کرتا ہے تو اس سے مجھے مایوسی ہوتی ہے جس سے پرفارمنس پر اثر پڑتا ہے، وکٹ کیپر بلے باز

پوری سیریز کھیلنے دیں یا مجھے باہر نکال دیں، اعظم خان

پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان نے قومی ٹیم میں محدود مواقع ملنے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کھل کر ان کوچز پر تنقید کی ہے جن کے ساتھ وہ کھیل چکے ہیں۔
حال ہی میں آئی ایل ٹی کی فرنچائز ڈیزرٹ وائپرز کے کھلاڑی اعظم خان ایک پوڈ کاسٹ کے دوران پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کے ساتھ شریک ہوئے۔ 
اس موقع پر وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ انہیں لیگ کرکٹ میں بہتر مواقع ملتے ہیں۔ فرنچائزز ان کی میچ جیتنے کی صلاحیت کو جانتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چار سال میں میں نے ایک بار بھی مکمل سیریز نہیں کھیلی۔ مجھے افسوس ہے کہ میں وہ سیریز مکمل نہیں کرسکا جو پوری کی پوری بنا کسی رکاوٹ کے کھیلنی چاہیے تھیں۔ 
انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ یا تو انہیں پوری سیریز کھلائیں یا بالکل باہر نکال دیں۔ 
اعظم خان کا کہنا تھا کہ اگر یہ خیال میرے ذہن میں رہتا ہے کہ میں بین الاقوامی معیار پر پورا نہیں اترتا تو میں بھی اپنے لیے نیا راستہ خود تلاش کروں گا۔ 
اعظم خان نے کہا کہ جب میں صاف ذہن کے ساتھ کرکٹ کھیلتا ہوں تو اس سے مجھے بہتر کارکردگی میں مدد ملتی ہے۔ اگر کوئی میری صلاحیتوں پر سوال کرتا ہے تو اس سے مجھے مایوسی ہوتی ہے جس سے پرفارمنس پر اثر پڑتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب وہ دوسرے ممالک کے کوچز کے ساتھ کام کرتے ہیں تو انہیں ان کے کھیل میں کوئی خامی نظر نہیں آتی۔ تاہم جب وہ پاکستانی کوچز کے ساتھ کام کرتے ہیں تو انہیں لگتا ہے کہ ان کے کھیل میں بہتری کی گنجائش ہے، لیکن جب وہ اپنی بلے بازی کا جائزہ لیتے ہیں تو انہیں یقین ہوتا ہے کہ وہ کسی سے بھی مقابلہ کر سکتے ہیں۔،، 
واضح رہے کہ اعظم خان اس وقت یو اے ای میں قومی ٹیم کے ٹی ٹونٹی کپتان شاہین آفریدی، سابق پیسرمحمد عامر اور آل رائونڈرشاداب خان کے ساتھ انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیزرٹ وائپرز کے لیے کھیل رہے ہیں۔ حال ہی میں اعظم نے گلف جائنٹس کے خلاف صرف 18 گیندوں پر تیز ترین ففٹی اسکور کرکے کیرن پولارڈ کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 19 گیندوں پر تیز ترین ففٹی بنائی تھی۔ 
پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹرنے اپنی اننگز میں 250 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پانچ چوکے اور چار چھکے لگائے جس کی وجہ سےان کی تباہ کن بلے بازی کی ڈیزرٹ وائپرز کو 17ویں اوور سے قبل صرف چار وکٹیں گنوانے کے ساتھ ہی میچ جیتنے میں مدد کی۔