news
English

زیادہ شراب پینے کے باعث گلین میکسویل اسپتال پہنچ گئے  

کرکٹ آسٹریلیا کے حکام گلین میکسویل سے تفتیش کریں گے۔

زیادہ شراب پینے کے باعث گلین میکسویل اسپتال پہنچ گئے  

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل ضرورت سے زیادہ شراب پینے کے باعث اسپتال میں داخل ہوگئے۔ 
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل سے تفتیش کی جا رہی ہے، کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے منگل کے روز بتایا کہ اسٹار آل راؤنڈر کے مبینہ طور پر نائٹ آؤٹ کے بعد ہسپتال میں داخل ہونے کے باعث کرکٹر سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ 
گورننگ باڈی 35 سالہ کرکٹر سے ایڈیلیڈ میں ایک حالیہ واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے۔

کرک انفو کے مطابق ایڈیلیڈ میں جمعے کو رات دیر گئے پارٹی میں ضرورت سے زیادہ شراب پینے کے باعث طبیعت بگڑنے پر گلین میکسویل کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ 
رائل ایڈیلیڈ اسپتال میں ڈاکٹروں نے گلین میکسویل کا معائنہ کیا جس کے بعد آل راؤنڈر اسی روز اسپتال سے گھر چلے گئے اور اگلے روز ٹی20 سیریز کے لیے لگائے گئے ٹریننگ کیمپ میں شریک ہوئے۔ 
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ 
واضح رہے کہ حال ہی میں گلین میکسویل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز سے ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ انہوں نے بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبرن اسٹار کی کپتانی سے استعفیٰ بھی دے دیا ہے۔