news
English

حکومت نے پی سی بی کومیڈیا رائٹس بیچنے سے روک دیا  

ہر بڑے فیصلے سے قبل منظوری لیں،طویل المدتی معاہدوں کا اختیار نہیں، خط

حکومت نے پی سی بی کومیڈیا رائٹس بیچنے سے روک دیا  

حکومت نے پی سی بی کو میڈیا رائٹس کی فروخت سے روک دیا جب کہ ہر بڑے فیصلے سے قبل منظوری لینا لازمی قرار دے دیا گیا۔ 
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کو حکومت کی جانب سے صرف روز مرہ کے امور انجام دینے کی اجازت دی گئی ہے،اس سے کئی اہم معاملات تعطل کا شکار ہیں۔ پی ایس ایل کا انعقاد فروری میں ہونا ہے مگر تاحال میڈیا اور دیگر رائٹس کی فروخت ہی نہیں ہوپائی۔ 
بورڈ نے پراسس شروع کیا تو اسے حکومت کی جانب سے ایک خط موصول ہوگیا جس میں پہلے اجازت طلب کرنے کا کہا گیا ہے۔  
ذرائع نے بتایا کہ بورڈ حکام پریشان ہیں کہ اگر ہر کام سے پہلے سرپرست اعلیٰ، وزیر اعظم سے منظوری لینا پڑی تو اس سے معاملات تاخیر کا ہی شکار ہوں گے۔  
پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس فروخت ہونے میں جتنی دیر ہوگی ویلیو اتنی ہی کم ہوتی جائے گی،جبکہ حکومت کو اصل اعتراض طویل المدتی معاہدوں پر ہے۔ 
پی سی بی کو یاد دہانی کرا دی گئی ہے کہ وہ انتہائی ضروری اور مختصر المعیاد کنٹریکٹس کرے جس کا اسے اختیار حاصل ہے، اب اس حوالے سے حکومت کو تمام طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے اجازت طلب کی جائے گی۔ 
یاد رہے کہ براڈ کاسٹ سمیت پی ایس ایل کے 7،8 ٹینڈرز پر کام روک دیا گیا ہے، طریقہ کار کے مطابق بڈر کی پہلے ٹیکنیکل اور پھر فنانشل بڈ کا جائزہ لینے کے بعد معاہدہ کیا جاتا ہے۔ کم مدت کے کنٹریکٹس سے زیادہ آمدنی کا امکان محدود ہونے کا خدشہ ہے، پی ایس ایل 9کے شیڈول کا بھی ابھی تک اجرا نہیں ہوسکا۔ 

بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیا رائٹس کی فروخت کے بعد ہی ایسا ممکن ہوپائے گا۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل اور انٹرنیشنل کرکٹ کے میڈیا رائٹس کی فروخت سے پی سی بی کو8 سے 10 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔