news
English

فواد عالم کی عمدہ کارکردگی نے سلیکٹرز کو شرمندہ کردیا

فواد عالم 195 گیندوں پر ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 136 رنز پر ناقابل شکست

فواد عالم کی عمدہ کارکردگی نے سلیکٹرز کو شرمندہ کردیا PHOTO: AFP

قائد اعظم ٹرافی میں فواد عالم کی عمدہ کارکردگی نے سلیکٹرزکوشرمندہ کردیا۔

پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی بے رخی کا شکار فواد عالم کا بیٹ رواں برس بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں خوب رنز اگل رہا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فواد عالم کی ناقابل شکست سنچری نے سوئی سدرن گیس کی لاہوربلوز کے خلاف پوزیشن خاصی مستحکم بنا دی۔ ایس ایس جی سی ایل نے 5 وکٹوں پر 329 رنزجوڑلیے، فواد عالم 195 گیندوں پر ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 136 رنز پر ناقابل شکست ہیں، اس کامیاب اننگز کے بعد آل رائونڈر کے فرسٹ کلاس کرکٹ میں11ہزار رنز بھی مکمل ہو گئے ہیں۔

اس سے قبل فواد عالم نے 148 میچوں میں 28 سنچریز اور57 نصف سنچریز کی مدد سے 10ہزار 891 رنز بنائے تھے۔ عمر امین نے 109 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، آصف ضمیر 44 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں پشاور کی ٹیم سوئی ناردرن گیس کیخلاف پہلی اننگز میں صرف176 رنز پر ہمت ہار گئی۔بلاول بھٹی نے6 کھلاڑیوں کاشکار کیا، سوئی ناردرن گیس نے ایک وکٹ پر 100 رنز بنائے ہیں۔

محمد حفیظ 46 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد میں اسلام آباد کی ٹیم بھی نیشنل بینک کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 167 رنز پر پویلین لوٹ گئی، ارسل شیخ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔حماد اعظم نے4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ میرحمزہ نے3 وکٹیں حاصل کیں۔ نیشنل بینک نے 5 وکٹوں پر140 رنز بنائے ہیں۔محمد ندیم نے 3 وکٹیں لیں۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں پی ٹی وی کی ٹیم بھی کراچی وائٹس کے خلاف صرف 154 رنز پر ہمت ہار گئی، عدنان محمود نے 62 اور حسن محسن نے 59 رنز بنائے۔وقار انور نے6 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔کراچی وائٹس نے2 وکٹوں پر 65 رنز بنائے ہیں۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی کی ٹیم واپڈا کے خلاف صرف 110 رنز ہی بنا سکی، محمد آصف نے 5کھلاڑیوں کو میدان بدرکیا، احسان عادل نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ واپڈا نے 7 وکٹوں پر 125 رنز بنائے ہیں۔ایاز تصور50 رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔سعد الطاف نے3 وکٹیں حاصل کیں۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم ملتان کیخلاف پہلی اننگز میں 223 رنز پر ہمت ہار گئی۔علی عثمان اور سجاد حسین نے3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ایل سی سی اے گرائونڈ لاہور میں لاہور وائٹس نے کے آر ایل کیخلاف 6 وکٹوں پر 167 رنز بنائے ہیں۔آفاق شاہد 47 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔یاسر علی نے4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں فاٹا نے ایچ بی ایل کے خلاف کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اور 7 وکٹوں پر 356 رنزبنالیے،آفاق رحیم 76 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔خرم شہزاد نے 5 کھلاڑیوں کو میدان بدرکیا۔