اس خطرناک انجری کے باوجود گریس اسکریونز نے ٹرینٹ راکٹس کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 55 رنز بنائے۔
ہنڈریڈ ویمن 2024 کے ٹرینٹ برج پرٹرینٹ راکٹس اور لندن اسپرٹ کے درمیان ہونے والے تازہ ترین میچ کے دوران انگلینڈ کی خواتین کرکٹر گریس اسکریونز کو تکلیف دہ چوٹ لگ گئی۔ کیچ لینے کی کوشش کے دوران، 20 سالہ نوجوان کھلاڑی کے چہرے پر گیند لگ گئی، جس سے اس کی آنکھ سیاہ پڑگئی اور گال پر زخم آئے۔
انجری کے باوجود اسکریونز نے ٹرینٹ راکٹس کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 55 رنز بنائے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہندوستان کی دیپتی شرما نے کرسٹی گورڈن کی گیند پر زوردارشاٹ مارا اور کیچ لینے کی کوشش میں گیند اسکریونز کے ہاتھ سے پھسل کر ان کے چہرے پر جا لگی۔ انہیں طبی امداد کے لیے جلدی سے میدان سے باہر لے جایا گیا لیکن میچ کے بعد وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ جشن منانے کے لیے واپس آگئیں، جہاں ان کی چوٹ صاف دکھائی دے رہی تھی۔
اس میچ میں ٹرینٹ راکٹس نے اپنی اننگز کے بعد لندن اسپرٹ کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا۔ اسکریونز اور برائیونی اسمتھ نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور بالترتیب 55 اور 34 رنز بنائے۔ ناٹ اسکریور برنٹ نے 12 گیندوں پرتیز ترین 21 رنز بنائے اور ہیدر گراہم نے ناقابل شکست 22 رنز جوڑے اور مجموعی اسکور 158 رنز تک پہنچا دیا۔
لندن اسپرٹ نے ہدف کے تعاقب میں خاصی جدوجہد کی۔ میگ لیننگ اور جارجیا ریڈمائن نے بالترتیب 23 اور تین رنز بنائے جبکہ ہیدر نائٹ اور دیپتی شرما نے 29 اور 30 (ناٹ آئوٹ) رنز بنائے۔ ان کی کوششوں کے باوجود لندن اسپرٹ 127 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور 31 رنز سے میچ ہار گئی۔
ٹرینٹ راکٹس کے بولرز شاندار تھیں، ایشلی گارڈنر اور الانا کنگ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں اور اس بات کو یقینی بنایا کہ لندن اسپرٹ کی جانب سے ہدف کے تعاقب کی کوشش ناکام رہے اور وہ اس میں کامیاب رہیں۔