news
English

گرین شرٹس ہتھیار ڈالنے پر تنقید کی زد میں

کراچی: انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں 3-4 سے گرین شرٹس ہتھیار ڈالنے پر تنقید کی زد میں ہیں

گرین شرٹس ہتھیار ڈالنے پر تنقید کی زد میں

پاکستان ٹیم کو ساتویں اور آخری ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں بْری طرح شکست ہوئی، اگرچہ ٹیم نے پورے 20 اوورز کھیلے مگر کسی بھی موقع پر مطلوبہ رن ریٹ کو حاصل کرنے کی کوشش تک نہیں کی گئی، صرف وکٹ پر قیام پر ہی توجہ مرکوز رہی، جس کا نتیجہ شرمناک شکست کی صورت میں نکلا، بغیر لڑے ہی ہتھیار ڈالنے کی وجہ سے گرین شرٹس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہاکہ اگر آپ 200 رنز ہدف کا تعاقب کررہے ہوں اور 2 وکٹیں جلدی گرجائیں،پھر 10 اوورز میں ہی آؤٹ ہوجاتے ہیں تو کوئی بھی پروا نہیں کرے گا، لوگ آپ کو سپورٹ کریں گے، مگر جس طرح کا آپ نے کھیل پیش کیا، اس پر کوئی بھی حمایت نہیں کرے گا، اگر میں بابراعظم کی جگہ ہوتا تو یہ پیغام بھیجتا کہ چاہے 12 اوورز میں آئوٹ ہوجاؤ مگر کم سے کم جیتنے کی کوشش تو کرو۔

دوسری جانب انگلینڈ کے سابق کپتان ناصرحسین نے کہا کہ 20 اوورز بہت لمبا وقت ہوتا ہے، بابراعظم اور محمد رضوان کو اپنے مڈل اور لوئر آرڈر کا علم ہے اس لیے انھیں زیادہ سمجھداری سے بیٹنگ کرنا چاہیے، اگر پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر ایک گیند کو گرائونڈ کے باہر پھینکتے اور دوسری کو فضا میں اچھل دیتے ہیں تو پھر بابر اور رضوان کو اسی انداز میں ہی بیٹنگ کرنا چاہیے جس طرح وہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بہت زیادہ انحصار اپنے ان 2 پلیئرز پر ہی ہے، یہ ہدف حاصل کرنا مڈل آرڈر کے بس کی بات نہیں تھی۔