news
English

سی پی ایل سے فرصت کے بعد شعیب اور حفیظ قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کیلیے دستیاب

شعیب ملک اور محمد حفیظ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شان مسعود کی قیادت میں کھیلنے والی سدرن پنجاب ٹیم میں شامل ہیں

سی پی ایل سے فرصت کے بعد شعیب اور حفیظ قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کیلیے دستیاب فوٹو: اے ایف پی

کیریبیئن پریمیئر لیگ سے فراغت کے بعد شعیب ملک اور محمد حفیظ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب ہوگئے۔

شعیب ملک اور محمد حفیظ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شان مسعود کی قیادت میں کھیلنے والی سدرن پنجاب ٹیم میں شامل ہیں، سدرن پنجاب کے منیجر شاہد بٹ کے مطابق دونوں سینئرز کی ایک دو روز میں فیصل آباد آمد متوقع ہے۔

سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق ایک بار شعیب ملک اور محمد حفیظ کی جانب دیکھ رہے ہیں، دونوں کی فارم اور فٹنس پر نگاہیں مرکوز ہوں گی۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلیے اپنی اہلیت ثابت کرنے کا موقع ہے۔

یاد رہے کہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کی رنرز اپ گیانا ایمازون واریئرز کی قیادت کرتے ہوئے شعیب ملک کی انفرادی کاکردگی بھی شاندار رہی لیکن محمد حفیظ ناکامیوں کے بھنور سے نہیں نکل پاِئے۔