news
English

اسکواڈ میں عدم انتخاب پر شعیب ملک اورحفیظ حیران

حکام کی جانب سے ہدایت ملی (مصباح کا جواز) ایسی کوئی بات نہیں، پی سی بی

اسکواڈ میں عدم انتخاب پر شعیب ملک اورحفیظ حیران فوٹو: اے ایف پی

دورہ آسٹریلیا کیلیے اسکواڈ میں عدم انتخاب پر شعیب ملک اور محمد حفیظ حیران رہ گئے مصباح الحق کی جانب سے انھیں جواز دیا گیا کہ بورڈ حکام نے اس کی ہدایت دی تھی۔ دوسری جانب ڈائریکٹر میڈیا نے اس تاثر کو رد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق  دورہ آسٹریلیا کیلیے قومی اسکواڈز کا اعلان  پیر کو کیا گیا، ٹی ٹوئنٹی میں شعیب ملک اور محمد حفیظ دونوں کے نام شامل نہیں جس پر وہ حیرت کا شکار ہیں، سری لنکا سے ہوم سیریز کے تینوں میچز میں شکست کی وجہ سے دونوں سینئرز کو امید تھی کہ سلیکٹرز انھیں آسٹریلیا میں موقع دیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے استفسار پر چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ایک کھلاڑی کو جواب دیا کہ وہ بھی دونوں کو ٹیم میں لینا چاہتے تھے مگر پی سی بی کی اعلیٰ شخصیات نے اس سے روکا، چیئرمین احسان مانی اور سی ای او وسیم خان کی خواہش ہے کہ ٹیم میں  اب نوجوان کھلاڑیوں کو ترجیح دی جائے۔

دوسری جانب نئے کپتان بابر اعظم کیلیے شعیب ملک بڑے بھائی جیسی حیثیت رکھتے ہیں، وہ چاہتے تھے کہ آل راؤنڈر کو ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے ٹیم میں شامل کیا جائے مگربورڈ حکام والا جواز دے کر انھیں چپ کرا دیا گیا۔ ذرائع نے مزید  بتایا کہ مصباح الحق ایک بااختیار چیف سلیکٹر ہیں اگروہ چاہتے تو اپنی بات منواتے ہوئے شعیب اور حفیظ کو اسکواڈ میں شامل کر سکتے تھے۔

ہوم سیریز میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کے معاملے میں انھوں نے ایسا ہی کیا، مگر مشکل دورہ آسٹریلیا کے ممکنہ نتائج ذہن میں رکھتے ہوئے اب نوجوانوں کو ترجیح دی تاکہ کوئی جواز باقی رہ سکے۔

اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی، ان کے عدم انتخاب کی وجوہات مصباح الحق نے اسکواڈ کا اعلان کرتے وقت پریس کانفرنس میں بیان کر دی تھیں۔