news
English

قومی ٹیم اندرونی اختلافات کا شکار، تنازعات کھل کر سامنے آگئے  

کچھ سینئر کھلاڑیوں کو لیگز میں کھیلنے کی اجازت نہ دینے پر پلیئرز اور ٹیم ڈائریکٹر کے درمیان تنازعات پیدا ہوگئے۔

قومی ٹیم اندرونی اختلافات کا شکار، تنازعات کھل کر سامنے آگئے  

نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست کے بعد قومی ٹیم میں ہونے والے اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے کچھ سینئر کھلاڑیوں اور ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں کیونکہ انہوں نے کچھ سینئر کھلاڑیوں پر لیگز کے دروازے بند کر دیئے تھے جبکہ ان کھلاڑیوں کے کئی ٹی ٹونٹی لیگز کی ٹیموں کے ساتھ معاہدے بھی ہوچکے تھے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کو ’انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹونٹی‘ کے لئے این او سی جاری کیئے تھے لیکن محمد حفیظ کی جانب سے کچھ کھلاڑیوں کو این او سی کے لیے کلیئرنس دینے سے انکارکردیا گیا، کلیئرنس نہ ملنے اور اعتراضات پر سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم ڈائریکٹر کے ساتھ شدید تلخی ہوئی جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں کی ٹیم ڈائریکٹر کے ساتھ بات چیت بھی کم ہوگئی۔ 
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، اعظم خان اور محمد وسیم کے انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی لیگ سے معاہدے ہوچکے ہیں جو 19 جنوری سے شروع ہو رہی ہے۔ 
دوسری جانب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی گرین شرٹس کو شکست ہوئی، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 173 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، بابراعظم اور فخر زمان نے اچھا کھیل پیش کیا اور نصف سنچریاں بنائیں جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 22 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم قومی ٹیم ہدف حاصل نہ کرسکی۔