news
English

محمدحفیظ نے چیف سلیکٹر بننے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی

معین خان اپنے بیٹے اعظم خان کی وجہ سے فی الحال ملکی کرکٹ سے وابستہ نہیں ہونا چاہتے

محمدحفیظ نے چیف سلیکٹر بننے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی

پی سی بی کو قومی کرکٹ ٹیم کے لیے چیف سلیکٹر کی تلاش ہے جب کہ محمد حفیظ نے عہدہ لینے میں عدم دلچسپی ظاہر کر دی۔ 
سابق مینجمنٹ کمیٹی نے ہارون رشید کو چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا، وہ ذمے داریوں سے فارغ ہو چکے ہیں، نئی کمیٹی کو اب چیف سلیکٹر کی تلاش ہے، گزشتہ دنوں محمد حفیظ کے ساتھ اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا مگر انھوں نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی، وہ گراس روٹ لیول پر ہی کام کرنا چاہتے ہیں۔ 
راشد لطیف نے تو دیگر مصروفیات کی وجہ سے کوئی بھی عہدہ سنبھالنے سے معذرت کر لی تھی، بورڈ حکام کو قریبی شخصیات نے معین خان کا نام بھی پیش کیا، گوکہ ابھی ان سے چیئرمین کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ معین خان اپنے بیٹے اعظم خان کی وجہ سے فی الحال ملکی کرکٹ سے وابستہ ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے، انھیں لگتا ہے کہ اگر کوئی عہدہ سنبھالا تو بیٹے کا کیریئر متاثر ہوسکتا ہے اور وہ غیرضروری دباؤ کا شکار ہوگا۔

ایشیا کپ اور ورلڈکپ قریب ہونے کی وجہ سے بعض سابق کرکٹرز چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سنبھالنے میں ہچکچاہٹ کا بھی شکار ہیں، انھیں خدشہ ہے کہ اگر ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ رہی تو ملبہ ان پر گرا دیا جائے گا۔ 
حکام چاہتے ہیں کہ جدید کرکٹ سے واقف کوئی اسٹار ہی اس پوسٹ پر آئے، مصباح الحق مستقبل قریب میں کوئی اہم ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں، ذکا اشرف کی آئی سی سی میٹنگز کے لیے جنوبی افریقہ روانگی کے سبب معاملہ تاخیر کا شکار ہو گیا تھا، اب وہ آئندہ چند دنوں میں بعض سابق اسٹارز سے ملاقات کریں گے،اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہوگا۔