news
English

عماداورعامر پاکستان کیلئے کھیلنا نہیں چاہتے، ڈائریکٹرقومی کرکٹ ٹیم

تمنا تھی کہ دونوں باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاکستان کی طرف سے کھیلنے کے لیے قائل کروں مگر ایسا نہیں ہوسکا، محمد حفیظ

عماداورعامر پاکستان کیلئے کھیلنا نہیں چاہتے، ڈائریکٹرقومی کرکٹ ٹیم

قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ عماد وسیم اور محمد عامر سے انہوں نے خود فون پر رابطہ کیا تھا لیکن دونوں سابق کرکٹرز پاکستان کیلئے کھیلنا نہیں چاہتے تھے۔ 
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ’عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کیے تھے جس پر میں نے انہیں فون کیا کہ اور کہا کہ بطور ٹیم ڈائریکٹر میرے پلان میں آپ موجود ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ آپ پاکستان ٹیم کیلئے کھیلیں اور اپنی دستیابی سے آگاہ کریں‘۔
 
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ، ’عماد وسیم نے مجھے کہا کہ وہ سوچ کر بتائیں گے اور دو دن بعد ان کا مجھے میسج آیا کہ وہ آئندہ نیوزی لینڈ کی سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے اور اگلے دو دن کے بعد انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا‘۔ 
محمد حفیظ کے مطابق ’اسی طرح میں نے محمد عامر کو بھی فون کیا تھا اور میں نے ان سے درخواست کی تھی کہ اگر آپ پاکستان کیلئے کھیلنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لیں اور دوبارہ ڈومیسٹک میں جائیں تاکہ وہاں سے سلیکشن کمیٹی آپ کو پرفارمنس کی بنیاد پر منتخب کرے اور جب آپ ہمارے پاس ٹیم میں واپس آجائیں گے تو میں ضمانت دیتا ہوں آپ کو کوئی تکلیف نہیں ہوگی اور باقی تمام کھلاڑیوں کی طرح برابر مواقع ملیں گے‘۔ 
ڈائریکٹر قومی ٹیم محمد حفیظ کے مطابق ’عامر نے مجھے کہا کہ وہ خود کو انٹرنیشنل لیگز میں زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔ انکی زندگی پچھلے کچھ سالوں میں بدل چکی ہے اور وہ اب آگے بڑھ چکے ہیں۔ پچھلے کچھ عرصے میں انہوں نے اپنے لیے جو فیصلے کیے ہیں وہ اُسی کے مطابق چلنا چاہتے ہیں‘۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا تمنا تھی کہ دونوں باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاکستان کی طرف سے کھیلنے کے لیے قائل کروں مگربدقسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا۔،،