news
English

اوپننگ اشو: شاہین آفریدی، رضوان اوربابر سے بات نہیں کرناچاہتےتھے،محمدحفیظ

اگرکوئی یہ محسوس کرتا ہے کہ بابراعظم اور محمد رضوان کو بطور اوپنر کھلانے سے ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں، سابق ٹیم ڈائریکٹر

اوپننگ اشو: شاہین آفریدی، رضوان اوربابر سے بات نہیں کرناچاہتےتھے،محمدحفیظ

سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین آفریدی اوپننگ کے معاملے پر رضوان اور بابراعظم سے بات کرنے سے گریزاں تھے۔ 
پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کرکٹ پاکستان سے بات چیت کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ اس سال کے شروع میں نیوزی لینڈ کے ساتھ ہونےوالی ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران اوپننگ جوڑی کو تبدیل کرنے کا ان کا فیصلہ قومی ٹیم کی بہتری کے لیے تھا۔ اگرکوئی یہ محسوس کرتا ہے کہ بابراعظم اور محمد رضوان کو بطور اوپنر کھلانے سے ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے یا وہ کردار صائم ایوب یا دیگر کرکٹرز کو سونپ سکتے ہیں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔
قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دعویٰ کیا کہ شاہین آفریدی جب ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان تھے تو وہ اوپننگ جوڑی کو الگ کرنے پر بابراعظم اور محمد رضوان سے بات کرنے سے گریزاں تھے۔ 
محمد حفیظ نے کہا کہ میں نے کسی کی بیٹنگ پوزیشن صرف اس لیے تبدیل نہیں کی کہ میں ایسا چاہتا ہوں بلکہ میرا منصوبہ پاکستانی ٹیم کی بہتری کے لیے تھا، اس لیے میں نے ایسا کیا۔
انہوں نے کہا کہ "یہاں تک کہ میں نے کپتان شاہین آفریدی سے بات کی لیکن وہ بابر اور رضوان سے بات کرنے سے گریزاں تھے اور اس لیے میں نے یہ ذمہ داری لی، میں ان سے بات کرنے گیا تھا اور مجھے اس سے کوئی پریشانی نہیں تھی کیونکہ میں نے جو کیا وہ پاکستان کے لیے تھا۔،،  
محمد حفیظ نے مزید کہا کہ "اگر کوئی یہ محسوس کرتا ہے کہ ان تمام مسائل کو حل کرنے اور پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بابر اور رضوان کو بطور اوپنر رکھ کر حاصل کیا جا سکتا ہے یا اگر وہ کوئی اور کردار صائم ایوب یا دیگر کرکٹرز کو سونپ سکتے ہیں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہم سب ملکی کرکٹ کی ترقی چاہتے ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بہترین نتائج اور تمام کھلاڑیوں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔،، 
سابق ٹیم ڈائریکٹرمحمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے رواں سال فروری میں عہدے سے الگ کردیاگیا تھا۔
سابق ٹیسٹ کپتان حفیظ کو گزشتہ سال نومبر میں ڈائریکٹر کرکٹ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ 43 سالہ محمد حفیظ نے پاکستان کے لیے55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں اور 12,780 رنز بنائے ہیں جبکہ 253 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج شام کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
دوسری جانب موسم کی تازہ ترین پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ آج دن کے وقت بارش کا 60 فیصد اور رات کے وقت 80 فیصد امکان ہے۔ 20 اپریل کو بھی بارش کا 49 فیصد امکان ہے جو کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی کا دن ہے۔ تاہم 21 اپریل کو بارش کا امکان، جب تیسرا ٹی 20ہونے والا ہے، 19 فیصد ہےاور کافی کم ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے تین میچوں کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور جائیں گی جہاں وہ بالترتیب 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ دو ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلیں گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے پانچوں میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوں گے۔ 
پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون: 
بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ)، عثمان خان/فخر زمان، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، عباس آفریدی، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر۔

پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریزکا شیڈول: 
18 اپریل: پہلا ٹی 20 میچ، راولپنڈی (شام 7 بجے)
20 اپریل: دوسرا ٹی20 میچ، راولپنڈی (شام 7 بجے)
21 اپریل: تیسرا،ٹی20 میچ، راولپنڈی (شام 7 بجے)
25 اپریل: چوتھا،ٹی 20 میچ، لاہور (شام 7 بجے)
27 اپریل: پانچواں،ٹی 20 میچ، لاہور (شام 7 بجے)