news
English

پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کا آغاز  

ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ پرتھ ٹیسٹ سے قبل آسٹریلیا کے ہتھکنڈوں سے حیران اور مایوس

پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کا آغاز  

پاکستان نے پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد کینبرا میں کم بائونس والی سطحوں پر اپنی پریکٹس کے پیش نظر پرتھ کی پچ پر بائونسرز کے لیے پاکستان کی کمزوری کا فائدہ اٹھانا ہے۔ 
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے پرتھ میں 14 دسمبر سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے دوران میزبان آسٹریلیا کی جانب سے استعمال کیے جانے والے ہتھکنڈوں پر حیرت اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ 
آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے پریکٹس میچ کے لیے فراہم کی گئی پچ کی نوعیت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے آسٹریلیا میں مہمان ٹیم کے طور پر اب تک کی سب سے سست رفتار پچ قرار دیا۔  
محمدحفیظ کا کہنا تھا کہ "سچ پوچھیں تو کینبرا میں پریکٹس میچ کے لیے ہمیں ملنے والی پچ سے واقعی حیرت اور مایوسی ہوئی ہے۔ یہ سب سے سست رفتار پچ تھی جس پر ہم آسٹریلیا میں بطور مہمان ٹیم کھیل سکتے ہیں۔ ایک ٹیم جس کی تیاریوں سے ہم بہت خوش ہیں اور ہم اپنے سامنے آنے والے دلچسپ چیلنج کے لیے بالکل تیار ہیں،‘‘ 
قومی شاہینوں نے واکا گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی جس میں فزیکل فٹنس کے ساتھ ساتھ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی گئی۔ 
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا، پرتھ میں ہمیشہ فاسٹ بولرز نے بیٹرز پر برتری ثابت کی ہے۔ 
 
پاکستان اور پی ایم الیون کے درمیان کینبرا میں کھیلا جانے والا چار روزہ میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوا تھا جس کے بعد پاکستانی ٹیم گزشتہ روز کینبرا سے پرتھ پہنچی تھی۔ 
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی تین میچوں کی سیریز کو بینو قادر ٹرافی کے نام دیا گیا ہے۔