news
English

ہربھجن سنگھ نے پاکستان کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے دعویداروں سے باہرکردیا

سابق بھارتی بولر ہربھجن سنگھ نے پاکستان کو 'اوسط درجے کی ون ڈے ٹیم' قرار دیا اور ورلڈ کپ کے لیے ٹاپ 4 ٹیموں کا نام لیا۔

ہربھجن سنگھ نے پاکستان کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے دعویداروں سے باہرکردیا

بھارت کے سابق اسپنر ہربھجن نے انوکھی منطق اپناتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیموں سے باہر کردیا۔ 
سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے اپنے طور پر ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی ہے جس میں حیران کن طور پر پاکستانی ٹیم جو کہ آئی سی سی رینکنگ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے، شامل نہیں ہے۔ 
یوٹیوب چینل پر بات چیت کرتے ہوئے سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے ورلڈ کپ کی چار فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کی ہے جن میں آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ پچھلے ورلڈ کپ میں بھی ان ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس سے ان کے دوبارہ ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ 
ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ’مجھے امید ہے میگا ایونٹ میں بھارت اور آسٹریلیا کا کانٹے دار مقابلہ ہوگا اور جو بھی یہ میچ جیتے گا وہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ بن جائے گا۔ 
انہوں نے پاکستان سے متعلق انوکھی منطق ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان ون ڈے کی نمبر ون ٹیم ہونے کے باوجود پچاس اوور کے فارمیٹ میں اتنی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکتی۔ 
سابق بھارتی کھلاڑی نے کہا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے لیکن ون ڈے فارمیٹ میں وہ ایک ایوریج ٹیم ہے، پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی اچھی ٹیم ہے لیکن ورلڈ کپ میں میری چوتھی فائنلسٹ ٹیم نیوزی لینڈ ہے۔ 
ہربھجن سنگھ نے کہا کہ میگا ایونٹ میں میری چار فائنلسٹ ٹیمیں آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ہی ہیں۔ 
واضح رہے کہ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے جس میں دنیا بھر سے دس ٹیمیں حصہ لیں گی۔