سابق بھارتی اپسنر نے اس موازنے کو ایک احمقانہ سوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ دھونی انٹرنیشنل کرکٹ میں سرفہرست وکٹ کیپر ہیں اور کوئی بھی انہیں اسٹمپ کے پیچھے کی کارکردگی میں پیچھے نہیں چھوڑ سکتا۔
سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ ایک مداح کی جانب سے مہندرا سنگھ دھونی اور محمد رضوان کے درمیان موازنہ کرنے کے سوال بھڑک اُٹھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پاکستانی صحافی نے سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور محمد رضوان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے سوال پوچھا کہ کون زیادہ بہتر ہے؟ جس پر ہربھجن سنگھ بھڑک اُٹھے۔
انہوں نے ٹوئٹ کرنے والے صارف سے سوال کیا آپ آج کل سگریٹ تو پی رہے ہو؟
ہربھجن نے دونوں کرکٹرز کے درمیان موازنے کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ بھائیو، بتاؤ دھونی رضوان سے بہت آگے ہے! رضوان سے پوچھو گے تو وہ بھی بتائے گا۔ یہ سوال ہی غلط ہے، آج بھی عالمی کرکٹ میں دھونی سے بہتر کوئی نہیں۔،،
سابق بھارتی اسپنر کا کہنا تھا کہ دھونی انٹرنیشنل کرکٹ میں سرفہرست وکٹ کیپر ہیں اور کوئی بھی انہیں اسٹمپ کے پیچھے کی کارکردگی میں پیچھے نہیں چھوڑ سکتا۔،،
اس قبل بھی ہربھجن سنگھ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، بابراعظم اور برائن لارا کے انتخاب سے متعلق سوال پر بھارتی کرکٹر نے تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا تھا جس پر بابراعظم کے فینز کی جانب سے سابق بھارتی اسپنر کو ٹرول کیا گیا تھا۔
مہندرا سنگھ دھونی کا کیرئیر: 90 ٹیسٹ میچز میں دھونی نے اسٹمپ کے پیچھے 256 کیچ لیے اور 38 بلے بازوں کو اسٹمپ آئوٹ کیا، 350 ون ڈے انٹرنیشنلز میں انہوں نے 321 کیچ لیے اور 123 اسٹمپنگ کیے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 38.09 کی اوسط سے 4 ہزار876 رنز بنائے ہیں جس میں 6 سنچریاں اور 33 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
محمد رضوان کا کیرئیر:
اس کے مقابلے میں محمد رضوان نے 30 ٹیسٹ میچز میں 78 کیچ لیے اور محض 3 بلے بازوں کو اسٹمپ آئوٹ کیا، 74 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 76 کیچز تھامے اور 3 اسٹمپ کیے۔ محمد رضوان نے ٹیسٹ میچز میں 40.4 کی اوسط سے 1 ہزار 616 رنز بنائے ہیں جس میں 2 سنچریاں اور 9 نصف سنچریاں شامل ہیں۔