news
English

ہربھجن نے ایک بار پھر ایشیاکپ سے متعلق متنازع بیان داغ دیا

بھارت کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان میں ایشیاکپ کے انعقاد سے متعلق متنازع بیان دے دیا۔

ہربھجن نے ایک بار پھر ایشیاکپ سے متعلق متنازع بیان داغ دیا

بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ٹیم کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ ہندوستانی ٹیم کو ایشیاکپ 2023 کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرنا چاہیے، دورے کے دوران ہماری ٹیم کو سیکورٹی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے لوگوں کے لئے محفوظ ملک نہیں ہے تو ہم کیسے خطرہ مول لے سکتے ہیں؟ 

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صحیح فیصلہ لے رہی ہے۔ کسی بھی سیریز کے لیے پاکستان جانے سے زیادہ کھلاڑیوں کی حفاظت اہم ہے۔

 اس سے قبل بھی سابق بھارتی کرکٹر نے کہا تھا کہ اگر ایشیاکپ میں بھارت پاکستان نہیں جاتا تو یہ ہمارا فیصلہ ہے آپ بھی ورلڈکپ کھیلنے نہ آئیں کس نے کہا ہے آپ کو کہ آپ بھارت آئیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان سے کھیلنے کا کوئی شوق نہیں، البتہ پاکستان کو بھارت کی ضرورت ہے، آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے آنے سے متعلق سوال پر ہربھجن سنگھ نے پہلے تو حامی بھری بعدازاں کہا کہ ایسا نہیں ہوگا۔

 واضح رہے کہ ہربھجن سنگھ اِن دنوں قطر میں جاری لیجنڈز لیگ میں انڈیا مہاراجہ کی نمائندگی کررہے ہیں، جہاں ان کی ٹیم 4 میچز میں محض 2 پوائنٹس حاصل کرسکی ہے جبکہ شاہد آفریدی کی ایشیا الیون 4 میچز میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔