سابق بھارتی اسپنر نے بابراعظم کے نام پر طنزیہ انداز میں اینکر سے پوچھا کہ کیا ان کی فہرست میں کوئی اور مضحکہ خیز موازنہ ہے؟
سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کی جانب سے ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر انہیں خاصی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سابق بھارتی اسپنرہربھجن سنگھ کے وائرل ہونے والے کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بابراعظم اور برائن لارا کے انتخاب سے متعلق سوال پر انہوں نے جس طرح ردعمل کا مظاہرہ کیا اس پر شائقین کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز بھی ناراض ہیں۔
مقامی کھیلوں کے پلیٹ فارم کی فوٹیج میں ہربھجن کو ابتدائی طور پر سری لنکا کے کمار سنگاکارا پر لارا کا انتخاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب انہیں کرکٹ کے دو عظیم کھلاڑیوں میں سے انتخاب کرنے کو کہا گیا تھا۔
اگلا سوال یہ تھا کہ برائن لارا اور بابراعظم میں سے کون بہتر ہے، جس پر ہربھجن ہنس پڑے جبکہ ساتھ بیٹھے دیگر لوگ جس میں میزبان سری سانتھ بھی شامل تھے، بے ساختہ ہنسنے لگے۔
سابق بھارتی اسپنر نے پھر طنزیہ انداز میں اینکر سے پوچھا کہ کیا ان کی فہرست میں کوئی اور مضحکہ خیز موازنہ ہے۔؟
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم مکمل طورپرناکام نظر آئے تھے جبکہ ان کی قیادت میں قومی ٹیم ایونٹ کے پہلے راؤنڈ سے ہی باہر ہوگئی تھی۔