news
English

پاکستان اور بھارت کا ہر میچ بہت خاص ہوتا ہے، ہاردک پانڈیا، رشبھ پنت

بھارتی کھلاڑی ہاردک پانڈیا اور رشبھ پنت کا بھارت اور پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں 9 جون کو شیڈول مقابلے پر اظہارِ خیال۔

پاکستان اور بھارت کا ہر میچ بہت خاص ہوتا ہے، ہاردک پانڈیا، رشبھ پنت

بھارتی آل رائونڈر ہاردک پانڈیا اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے بھارت اور پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں 9 جون کو شیڈول مقابلے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والا ہر میچ خاص ہوتا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے بھارت پاکستان میچ کو 'خاص' قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ اس میچ کو دیر تک یاد رکھا جاتا ہے جس کی وجہ سے اضافی دباؤ ہوتا ہے۔ 
بھارتی کرکٹ ٹیم اپنی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 مہم کا آغاز 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کرے گی۔ تاہم، 9 جون کو پاکستان کے خلاف ہونے والا انتہائی متوقع میچ پہلے ہی کافی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ 
ٹیم بھارت کے نائب کپتان ہاردک پانڈیا نے اسٹار اسپورٹس کے 'Caught and Bold' پروگرام میں شائقین کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، میچ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "جہاں بھی جائیں، ہر جگہ ہجوم ہوتا ہے۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اس گروپ میں بھی ہر کوئی چاہتا ہے کہ ہم بھارت اور پاکستان کا میچ جیتیں۔ یہ بہت معمولی ہے، جسے میں قبول کرتا ہوں۔ لیکن اسی وقت، میں اپنی پوری کوشش کرتا ہوں کہ ان سب چیزوں سے خود کو منقطع کرلوں اور کھیل پر توجہ مرکوز کروں۔"
ہاردک پانڈیا نے کہا کہ "میں شائقین کا بہت مشکور ہوں، وہ ہمیں محبت اور ہر چیز کے ساتھ آ کر حمایت کرتے ہیں لیکن، اسی وقت، جب ہم اندر جاتے ہیں تو ہم کچھ اور نہیں سوچ سکتے۔" 
بھارتی ٹیم کے وکٹ کیپربلے باز رشبھ پنت نے بھی بھارت اور پاکستان کے میچ کی اہمیت پر تبصرہ کیا اور اسے ایک 'خاص' میچ قرار دیا۔ ان کاکہنا تھا کہ "یہ ہمیشہ بہت دلچسپ ہوتا ہے کیونکہ یہ ایک خاص میچ ہوتا ہے۔ آپ ہمیشہ زیادہ دباؤ محسوس کرتے ہیں کیونکہ لوگ ان میچوں کو لمبے عرصے تک یاد رکھتے ہیں۔" 
بھارت اور پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں سات بار آمنے سامنے آچکے ہیں، جن میں بھارت نے پانچ میچ جیتے اور پاکستان نے ایک کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرا میچ ٹائی میں ختم ہوا۔ 
پاکستان کی بھارت کے خلاف واحد فتح 2021 میں ہوئی تھی جب بابر اعظم کی ٹیم نے ویرات کوہلی کی ٹیم کو شکست دی تھی۔