news
English

حارث رؤف نے ایک بار پھر بگ بیش لیگ میں تہلکہ مچا دیا

حارث رؤف میلبورن اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے سڈنی تھنڈرز کی 3 وکٹیں لے اڑے

حارث رؤف نے ایک بار پھر بگ بیش لیگ میں تہلکہ مچا دیا فوٹو: بی بی ایل

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن سے اپنی پہچان بنانے والے نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف نے ایک بار پھر بگ بیش لیگ میں تہلکہ مچا دیا۔

نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف میلبورن اسٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے سڈنی تھنڈرز کی 3 وکٹیں لے اڑے، ڈیل اسٹین کے فٹنس مسائل کی وجہ سے اچانک ٹیم میں جگہ بنانے والے پاکستانی پیسر نے پہلے میچ میں2 دوسرے میں5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے دنیائے کرکٹ کی توجہ حاصل کی۔

ڈیل اسٹین کو فٹ ہونے کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے حارث روف کو ڈراپ کرکے ڈیل سٹین کو شامل کرلیا تھا لیکن گزشتہ روز اسپنر سندیپ لامی چینے کی انجری نے ایک بار پھر حارث رؤف کی میلبورن اسٹارز کے اسکواڈ میں واپسی کا راستہ بنایا۔

انہوں نے سڈنی تھنڈرز کی 3 وکٹیں 24 رنز کے عوض حاصل کرتے ہوئے اپنا انتخاب درست ثابت کر دکھایا جب کہ ڈیل اسٹین کوئی شکار نہیں کر پائے۔