news
English

دورہ آسٹریلیا سے الگ ہونے والے فاسٹ بولرحارث کی دستبرداری پرسوال اٹھنے لگے

وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کھیلنا زیادہ اہم ہے، ایسے پیٹھ نہیں دکھانا چاہیے۔  

دورہ آسٹریلیا سے الگ ہونے والے فاسٹ بولرحارث کی دستبرداری پرسوال اٹھنے لگے

تفصیلات کے مطابق حارث رؤف کی دورہ آسٹریلیا سے دستبرداری پر سوال اٹھنے لگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آسٹریلیا کے ٹیسٹ ٹور کے لیے گذشتہ روز قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تاہم اس میں حارث رؤف شامل نہیں تھے، ان کی جانب سے آخری لمحات میں ٹور سے دستبرداری اختیار کی گئی جس پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔ 
خود نئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض بھی فاسٹ بولر کے اس فیصلے پر مایوس دکھائی دیے، انھوں نے اسے پاکستان کرکٹ کے لیے بھی نقصان دہ قرار دیا۔ 
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وہاب کا کہنا تھا کہ حارث رؤف ایک امپیکٹ پلیئر ہیں اور ہمیں ان کی صلاحیتوں سے ٹیسٹ کرکٹ میں فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، ہم نے ان سے صرف ایک دن میں 10 سے 12 اوورز کرانے کا مطالبہ کیا، اتنے تو وہ حال ہی میں ون ڈے کرکٹ میں کرتے رہے ہیں، ٹیم مینجمنٹ نے ان سے بات کی تھی مگر وہ راضی نہیں ہوئے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے وہ بولرز جوکہ 140میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں وہ ان فٹ ہیں، اس لیے ایک پلیئر ہونے کے ناطے آپ کو قربانی دینے کی ضرورت ہوتی ہے، آپ کو پاکستان کیلیے کھیلنا چاہیے نہ کہ ایسے اہم موقع پر پیٹھ دکھائیں۔