news
English

پاکستانی ٹیم میں نظم و ضبط اسلام سے قربت کے باعث ہے، میتھیو ہیڈن

میتھیو ہیڈن نے اپنے اس یقین کا آن ایئر اظہار کیا کہ اسلام نے موجودہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں نظم و ضبط پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاکستانی ٹیم میں نظم و ضبط اسلام سے قربت کے باعث ہے، میتھیو ہیڈن

قومی ٹیم کے سابق مینٹور میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں نظم و ضبط کی بنیادی وجہ اسلام سے قربت ہے۔ 
آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بلے باز میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ اسلام نے موجودہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو میدان میں اور میدان سے باہر بھی نظم و ضبط کے ساتھ رہنے میں بہت بڑا اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ 
پاکستانی ٹیم کے سابق مینٹور نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے ورلڈکپ کے وارم اپ میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے کیا۔ 
میتھیو ہیڈن نے کہا کہ'پاکستانی ٹیم دین اسلام پر کافی توجہ دیتی ہے جو کھلاڑیوں کے لیے اہم ہے، پاکستانی ٹیم میں نظم و ضبط مثالی ہے جس کی میں ہمیشہ تعریف کرتا ہوں، کیونکہ کرکٹ میں بھی ڈسپلن کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے'۔ 

سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ 'آپ کو کرکٹ میں پرعزم رہنا اور مستقل مزاجی سے کام لینا ہوتا ہے، یہ وہ تمام چیزیں ہیں جو آپ کو اسلام سکھاتا ہے اور یہ آپ کے کلچر کی نمائندگی کرتا ہے۔،، 
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان آسٹریلیا سے ہونے والا اپنا دوسرا وارم اپ میچ 14 رنز سے ہار گیا کیونکہ قومی ٹیم 352 رنز کا ہدف حاصل نہیں کرسکی تھی، اس سے قبل پاکستان کو پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 
دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جس میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔ 
پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔